بلوچستان پولیس کا ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے بڑا اقدام: بچوں کی اسکول فیسوں اور طبی ٹیسٹوں میں نمایاں رعایت کے معاہدے طے

نجی اسکولوں میں فیسوں پر 30 فیصد رعایت جبکہ شہدا کے بچوں کی تعلیم مکمل طور پر مفت ہوگی: ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر طاہر علاؤ الدین


سی ایچ ایس کے ساتھ معاہدے کے تحت تشخیصی ٹیسٹوں پر 40 فیصد اور اسپتال بلوں پر 10 فیصد رعایت سمیت ڈیجیٹل ہیلتھ کارڈز جاری ہوں گے
کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)بلوچستان پولیس نے اپنے اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کے فلاح و بہبود کے لیے دو اہم معاہدوں پر دستخط کئے ہیں جن کے تحت تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایاں سہولیات اور مالی رعایتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں بلوچستان پرائیویٹ ا سکولز ایسوسی ایشن اور کارپوریٹ ہیلتھ سروسز(CHS) کے ساتھ الگ الگ مفاہمتی یاداشتوں(MOU) پر دستخط کئے گئے بلوچستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن الائنس کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت حاضر سروس اور وفات پا جانے والے ملازمین کے بچوں کو ٹیوشن فیس میں 30 فیصد رعایت دی جائے گی جبکہ پولیس شہداکے بچوں کے لیے ٹیوشن فیس مکمل طور پر معاف ہوگی ۔اس کے علاوہ داخلہ فیس امتحانی فیس اور دیگر ادارہ جاتی اخراجات میں بھی خصوصی اضافی رعایتیں فراہم کی جائیں گی ۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر طاہر علاالدین نے کہا کہ اس شراکت داری کا مقصد پولیس اہلکاروں کے بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کرنا اور پولیس خاندانوں کی تعلیمی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرنا مقصود ہے انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف پولیس اہلکاروں کے خدمات کے اعتراف کا عملی مظہر ہے بلکہ ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کی جانب ایک اہم قدم بھی ہے۔ دوسری جانب بلوچستان پولیس اور کارپوریٹ ہیلتھ سروسز(CHS) کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی معیاری طبی سہولیات کے رعایتی نرخوں ،ریڈیالوجی اور دیگر تشخیصی ٹیسٹوں پر 40 فیصد تک رعایت دی جائے گی جبکہ (CHS) کے پینل میں شامل ہسپتالوں میں ہسپتال کے بلوں پر 10 فیصد تک رعایت حاصل ہوگی۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر طاہر علا الدین نے اس موقع پر کہا کہ نجی اسکولز ایسوسی ایشن اور کارپوریٹ ہیلتھ سروسز کے ساتھ ہونے والے یہ معاہدے بلوچستان پولیس کے اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس اپنے اہلکاروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے معاہدے کے تحت پولیس اہلکاروں ان کے والدین اور خاندان کے لیے ڈیجیٹل ہیلتھ کارڈز بھی جاری کئے جائیں گے جن کے ذریعے مختلف طبی سہولیات تک آسان رسائی ممکن ہوگی اس کے علاوہ انہیں ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ کے تعاون سے مخصوص (CHS)مراکز پر ڈرگ اسکریننگ اور ٹیسٹنگ کی سہولیات بھی فراہم کی جائے گی ۔ طبی سہولیات کے پیکج میں رعایتی او پی ڈی اور کنسلٹینٹ سروسز ، میڈیکل کیمپس ، ویکسینیشن اور حفاظتی ٹیکا جات ، فرسٹ ایڈ ٹریننگ ، ہنگامی طبی امداد اور فارمیسی سروسز پر خصوصی رعایتیں بھی شامل ہیں ا س اقدام کا مقصد پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں پر علاج معالجے کے اخراجات کا بوجھ کم کرنا اور انہیں بروقت معیاری اور قابل رسائی طبی سہولیات فراہم کرنا ہے پولیس فورس کے اہلکاروں نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں کئے جانے والے ان اقدامات کو بلوچستان پولیس اور ان کے خاندانوں کے لئے ایک اہم ریلیف قرار دیا ہے جوکہ ان کی سماجی ومعاشی بہبود میں مثبت کردار اد ا کریں گے ۔

WhatsApp
Get Alert