سوشل میڈیا الگورتھمز سے جھوٹے بیانیے کا فروغ قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے، عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا الگورتھمز کو مخصوص بیانیے کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، جبکہ ان کے ذریعے پھیلایا جانے والا جھوٹا بیانیہ قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام ’سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، پوسٹ ٹروتھ ایرا‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سوشل میڈیا کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے قوانین اور پالیسیوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے تیار ہے۔
’ٹک ٹاک، ایکس، انسٹاگرام اور فیس بک جیسے پلیٹ فارمز پر الگورتھمز کے ذریعے مخصوص بیانیے کو فروغ دینے کے خدشات موجود ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے زیادہ مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔‘
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کا آئین آزادیٔ اظہار کی ضمانت دیتا ہے، تاہم اس حق کے استعمال کے لیے کچھ حدود بھی مقرر کی گئی ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ان آئینی حدود اور ملکی قوانین کا احترام کرنا چاہیے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوانین اور پالیسیوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے اسلام آباد اعلامیہ جاری کیا جا سکتا ہے۔
’اس مقصد کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت ہے اور اسلام آباد اعلامیہ اس حوالے سے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی پالیسیوں اور پاکستان کے مقامی قوانین میں ہم آہنگی ضروری ہے، کیونکہ سوشل میڈیا کمپنیوں کے پالیسی اور قانونی شعبوں کے وضع کردہ ضوابط پاکستان کے قوانین سے مطابقت نہیں رکھتے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں اور حکومت کے درمیان مؤثر رابطے اور تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے کمپنیوں کے ساتھ قوانین اور ضابطوں پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی تجویز پیش کی اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال، جھوٹی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کی روک تھام کے لیے قوانین مزید سخت کرنے پر زور دیا۔
’۔۔۔ ہم آزادیٔ اظہار کے مخالف نہیں بلکہ حامی ہیں، تاہم آزادیٔ اظہار کے نام پر کسی کی زندگی اور ساکھ سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سوشل میڈیا کے مثبت اور منفی دونوں طرح کے استعمال کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اس کے غلط استعمال کی روک تھام صرف حکومت نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیک نیوز کے ذریعے لوگوں کے خلاف منفی تاثر اور پروپیگنڈا پیدا کیا جاتا ہے۔ جب کسی کے پاس دلیل نہیں ہوتی تو وہ منفی پروپیگنڈے کا سہارا لیتا ہے۔
