190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کیخلاف اپیلوں کی سماعت براہ راست نشر کرنے کی درخواست دائر

انصاف کی فراہمی، شفافیت اور نظامِ انصاف پر عوامی اعتماد کے اصولوں کو فروغ کیلئے لائیو سڑیمنگ کا حکم دیا جائے؛ عمران خان کی وکیل کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں زیر سماعت 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ٹرائل کورٹ سے سزا کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت کو براہِ راست نشر کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی، درخواست میں عدالتِ عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ انصاف کی فراہمی، شفافیت اور نظامِ انصاف پر عوامی اعتماد کے اصولوں کے فروغ کیلئے اپیلوں کی لائیو اسٹریمنگ کا حکم جاری کیا جائے۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ سماعت پر سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے زبانی استدعا کیے جانے کے بعد اب عمران خان کے وکیل کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں باقاعدہ ایک درخواست بھی دائر کی گئی ہے، جس میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی گئی سزا کے خلاف دائر اپیلوں کی کارروائی کو براہِ راست نشر کرنے کی استدعا کردی گئی۔


اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست میں عمران خان کے وکیل کی طرف سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتِ عالیہ ان اپیلوں کی سماعت کی لائیو اسٹریمنگ کا حکم جاری کرے، کیوں کہ انصاف کی فراہمی، عدالتی کارروائی میں شفافیت اور نظامِ انصاف پر عوامی اعتماد کے اصولوں کو فروغ دینے کے لیے سماعت کو براہِ راست نشر کرنے کا حکم دیا جانا ضروری ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس ملکی سیاست اور عدالتی محاذ پر سب سے زیادہ زیرِ بحث رہنے والے مقدمات میں شمار ہوتا رہا ہے، جس میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے بعد سزا کے خلاف اپیلیں ہائیکورٹ میں زیرِ سماعت ہیں، اس کیس کے گرد شروع سے ہی سیاسی، قانونی اور عوامی سطح پر بحث جاری رہی ہے، جس کے باعث اپیلوں کی کارروائی کو براہِ راست نشر کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ عوامی دلچسپی کے اہم مقدمات کی سماعت تک براہِ راست رسائی سے عدالتی کارروائی کی شفافیت کو تقویت ملتی ہے اور شہریوں کا نظامِ انصاف پر اعتماد مضبوط ہوتا ہے، تاہم اب یہ معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے ہے جہاں عدالت درخواست پر سماعت کے بعد لائیو اسٹریمنگ کی استدعا کے حوالے سے ممکنہ طور پر آئندہ سماعت پر کوئی فیصلہ سنائے گی۔

WhatsApp
Get Alert