خیبرپختونخواہ میں گورنر راج کے بعد 11 رکنی ایڈوائزری کونسل قائم


پشاور (قدرت روزنامہ) خیبر پختونخواہ میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے باقاعدہ نفاذ کے بعد صوبے کے انتظامی امور سنبھالنے کے لیے 11 رکنی ایڈوائزری کونسل کا قیام عمل میں آگیا، بیوروکریسی، قانون، معاشیات، افواج اور مذہبی امور سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو صوبائی قلمدان سونپ دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے خیبرپختونخواہ سے متعلق وفاقی حکمنامہ جاری کردیا، صوبے میں حکومتی امور سے متعلق وفاقی حکمنامہ نمبر 1/2026 جاری کیا گیا، وفاقی حکمنامہ 11 اکتوبر 2026ء کو نافذ کردہ گورنر راج اور ایمرجنسی کی روشنی میں جاری کیا گیا، وفاقی حکمنامے کے تحت گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی حکومت کے امور انجام دیں گے، گورنر خیبر پختونخواہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں مشاورتی کونسل کی معاونت حاصل کریں گے۔
معلوم ہوا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں امورِ حکومت چلانے کے لیے ایڈوائزری کونسل کے تمام اراکین کی فہرست اور ان کے شعبہ جات کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، نگران صوبائی انتظامی سیٹ اپ میں کفایت اللہ خان سابق کمشنر و آئی جی جیل خانہ جات کو داخلہ و قبائلی امور، طارق محمود پاشا سابق چیئرمین ایف بی آر کو خزانہ، ریونیو، ایکسائز و ٹیکسیشن جبکہ قانون دان امیر جاوید کو قانون و پارلیمانی امور کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ تعلیم کے اہم شعبے کے لیے ڈاکٹر سید امیر عبداللہ کو ذمے داری دی گئی ہے، صحت عامہ اور ایمرجنسی رسپانس کی بہتری کے لیے پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نگار جوہر خان کو مشیرِ صحت تعینات کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ڈاکٹر سرفراز علی شاہ کو معدنیات، سابق چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد ارشاد کو صنعت و تجارت، آصف رفیق آفریدی کو مواصلات و تعمیرات کا محکمہ الاٹ ہوا ہے۔
مزید یہ کہ خطیبِ اعلیٰ کے پی مولانا محمد طیب قریشی کو اوقاف و مذہبی امور کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، توانائی، بجلی، منصوبہ بندی و ترقی کا قلمدان سابق سینیٹر عثمان سیف اللہ خان کے سپرد کیا گیا ہے، جب کہ رکن قومی اسمبلی ثمر ہارون بلور کو مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ مقرر کیا گیا ہے، اس ایڈوائزری کونسل کا بنیادی مقصد گورنر راج کے دوران صوبے کے انتظامی، مالی اور سکیورٹی امور کو سائنسی اور پیشہ ورانہ بنیادوں پر استوار کرنا ہے۔

WhatsApp
Get Alert