قلات کے مختلف علاقوں سے تشدد زدہ لاشیں برآمد: چھپر اور ملنگزئی سے 4 افراد کی لاشیں ملیں، مقتولین کو تشدد کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا گیا
قلات کے علاقے چھپر سے 3 افراد کی گولیاں لگی لاشیں برآمد، مقتولین کی شناخت سعید احمد، جمیل احمد اور عبدالرسول کے ناموں سے ہوئی

خالق آباد کے علاقے ملنگزئی سے ایک اور لاش برآمد، جیب سے ملنے والے ویکسین کارڈ کے ذریعے شناخت بخت محمد کے نام سے ہوئی
پولیس نے تمام لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال قلات اور آر ایچ سی خالق آباد منتقل کر کے ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیں، مزید تحقیقات جاری
قلات (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان کے ضلع قلات کے دو مختلف علاقوں سے پولیس نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیے گئے 4 افراد کی لاشیں برآمد کر لی ہیں
پولیس ذرائع کے مطابق قلات کے علاقہ چھپر میں سڑک کنارے سے گولیوں کے نشانات والی تین لاشیں برآمد ہوئیں. ایس ایس پی قلات سید زاہد حسین شاہ کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او صدر تھانہ منیر احمد مینگل اور عبدالکریم مینگل نے پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال قلات منتقل کیا. اسپتال اور پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کا تعلق دشت گوران قلات سے ہے، جن کی شناخت سعید احمد ولد نور الدین قوم سمالانی، جمیل احمد ولد عبد العزيز قوم چنال اور عبدالرسول ولد عبدالرشید قوم زہری کے نام سے کر لی گئی ہے. ضروری قانونی کارروائی کے بعد تمام لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں.
دریں اثنا، قلات کے ایک اور علاقے خالق آباد کے قریب ملنگزئی سے بھی ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے. پولیس کے مطابق اس مقتول کی شناخت اس کی جیب سے برآمد ہونے والے 2019 کے ایک ویکسین کارڈ پر درج نام “بخت محمد” کے ذریعے ہوئی ہے, جسے آر ایچ سی خالق آباد منتقل کیا گیا.
پولیس کا کہنا ہے کہ چاروں افراد کو پہلے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے. قلات پولیس نے واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے.
