پی ٹی آئی نے 11 اکتوبر کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن قرار دے دیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کو مسترد کرتے ہوئے 11 اکتوبر کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن قرار دے دیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے آج (اتوار کو) خیبر پختونخوا میں امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جس کے بعد مبینہ طور پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، پارٹی صوبائی صدر جنید خان سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا۔
مشترکہ اپوزیشن کے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے بعد پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے بیرسٹر گوہر اور علامہ راجا ناصر کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے حالات بلوچستان جیسے ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی وفاقی حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کے لیے تیار تھی اور بات چیت کسی ممکنہ اتفاق رائے کی جانب بڑھ رہی تھی، تاہم ایمرجنسی کے نفاذ کے فیصلے نے صورت حال یکسر تبدیل کر دی۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان میں جمہوری نظام برقرار رکھنا چاہتی ہے، لیکن صوبے کے عوام پر فیصلے مسلط کرنے کی کوششوں کے خلاف مزاحمت جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے اقدامات کے خلاف آواز بلند کریں۔
انہوں نے 1973 میں بلوچستان میں سردار عطا اللہ مینگل کی صوبائی حکومت کی برطرفی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی محرومیوں اور جبر پر مبنی اقدامات کے اثرات طویل عرصے تک برقرار رہتے ہیں۔ اور نفرت کے بیج بونے کے نتائج آسانی سے ختم نہیں ہوتے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان کی آبادی تقریباً 25 کروڑ ہے اور اگر اس کا صرف چار سے پانچ فیصد حصہ بھی گھروں سے باہر نکل آئے تو موجودہ نظام برقرار نہیں رہ سکے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔
‘دہشتگردی کے خلاف آپریشنز پر مشاورت ضروری ہے’
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پی ٹی آئی دہشتگردی کے خاتمے کی حمایت کرتی ہے، تاہم انسداد دہشتگردی کے آپریشنز کے حوالے سے سیاسی جماعتوں اور مقامی فریقین سے مشاورت ضروری ہے۔ کسی بھی آپریشن کی غیر مشروط منظوری نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ فروری 2026 میں ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس اور امن جرگے کی قرارداد کو آئندہ حکمت عملی کی بنیاد بنایا جانا چاہیے۔ پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ سکیورٹی آپریشنز کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کی جائے اور متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو اعتماد میں لیا جائے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بھی مذاکرات کے دوران یہی مؤقف اختیار کیا تھا کہ صوبائی حکومت سے یک طرفہ اقدامات کی تحریری منظوری طلب نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو یہ اختیار نہیں دیا جا سکتا کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق اقدامات کرے اور بعد میں صوبائی حکومت سے ان کی توثیق کا مطالبہ کرے۔ پی ٹی آئی ایسے آپریشنز کی مخالفت کرتی ہے جن میں بے گناہ شہریوں کی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ ہو۔
سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خلاف پالیسی سیاسی اتفاق رائے اور متاثرہ علاقوں کے عوام سے مشاورت کے ذریعے تشکیل دی جانی چاہیے۔ ان کی جماعت اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور اس سے کامیابی حاصل ہونے کی امید ہے۔
‘مذاکرات درست سمت میں آگے بڑھ رہے تھے’
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ مذاکرات درست سمت میں آگے بڑھ رہے تھے اور مختلف سیاسی رہنما بھی اس عمل کو کامیاب بنانے کے لیے کوششیں کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے مشاورت کی گئی، جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاسی رہنما بھی بات چیت کو کامیاب بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے بھی اس بات کی نشاندہی کی تھی کہ مذاکرات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ مذاکرات میں پاراچنار معاہدے میں مجوزہ ترمیم اور انسداد دہشتگردی کے اقدامات کے لیے باہمی اتفاق رائے سے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے پر بات ہوئی تھی۔ تاہم حکومت نے اس کے بجائے مجوزہ آپریشنز کے لیے غیر مشروط حمایت کا مطالبہ کیا، جسے قبول کرنا پی ٹی آئی کے لیے ممکن نہیں تھا۔
‘حکومت کے خلاف پرامن احتجاج کریں گے’
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکنوں کے خلاف کارروائیوں کے باوجود پی ٹی آئی اپنے مؤقف پر قائم رہے گی اور عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ حکومت کے اقدامات کے خلاف پُرامن احتجاج کریں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پتھراؤ نہیں کرے گی بلکہ پُرامن احتجاج کے ذریعے اپنا اخلاقی مؤقف پیش کرے گی۔ عوامی سطح پر پُرامن احتجاج حکام تک عوامی ردعمل پہنچانے کا ذریعہ ہوگا، جبکہ لوگ خود فیصلہ کریں گے کہ وہ ان اقدامات کے خلاف کس طرح آواز اٹھانا چاہتے ہیں۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پی ٹی آئی شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے پُرعزم ہے، تاہم حکومت کو وسیع تر سیاسی اتفاق رائے حاصل کیے بغیر سکیورٹی آپریشنز کی حمایت کا مطالبہ نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے اعلان کردہ لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار ہے، گورنر راج کے نفاذ کے باوجود پارٹی احتجاجی پروگرام ترک کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔
وفاقی حکومت کے اقدامات کو عوامی مینڈیٹ پر حملہ سمجھتے ہیں، بیرسٹر گوہر
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت ان اقدامات کو صوبائی خودمختاری اور عوامی مینڈیٹ پر حملہ سمجھتی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے سوال اٹھایا کہ جس صوبے کی اسمبلی میں پی ٹی آئی کو دو تہائی اکثریت حاصل ہے، وہاں وفاقی حکومت نے ایسے اقدامات کیوں کیے؟ اس فیصلے سے سکیورٹی بحران حل ہونے کے بجائے سیاسی تقسیم میں مزید اضافہ ہوگا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی مبینہ گرفتاری اور صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کو حراست میں لیے جانے پر بھی سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا فیصلہ کرنے سے پہلے پارٹی نے دیگر تمام راستے اختیار کیے، جبکہ پارلیمنٹ اور عدالتوں میں اپنے تحفظات پیش کیے، تاہم کوئی ریلیف نہیں ملا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے حکومت کے ساتھ تقریباً 15 ملاقاتیں کیں، جس کے بعد دو روز تک مذاکرات بھی ہوئے۔ اور ان مذاکرات کے دوران انسداد دہشت گردی کے معاملات بھی زیر بحث لائے گئے۔
انہوں نے پارٹی کارکنوں کی گرفتاریوں اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کو حراست میں لیے جانے پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پنجاب کی جیلوں میں پی ٹی آئی کے تقریباً 1500 کارکنان قید ہیں، جبکہ فائرنگ کے واقعے کے بعد پارٹی کے تین وزرا کو گرفتار کیا گیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے گورنر راج کے نفاذ کی مخالفت کرنے والی سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت اس فیصلے کو چیلنج کرتی رہے گی۔
