خیبرپختونخواہ میں دہشتگردی کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ

پشاور (قدرت روزنامہ) صوبہ خیبرپختونخواہ میں انتظامی و عسکری ڈھانچے کو متحرک کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جن کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کرنے اور عوامی فلاحی امور پر توجہ دینے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ اہم فیصلے گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت منعقدہ صوبائی اپیکس کمیٹی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیے گئے، اجلاس میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، کور کمانڈر پشاور اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی، جہاں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی اور انتظامی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا، اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں سیکیورٹی اداروں کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے بھی اہم منظوری دی گئی، پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی کی پیشہ ورانہ استعداد کار کو بڑھانے کے لیے انہیں جدید ترین آلات، اسلحہ اور تمام ضروری وسائل فوری طور پر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں صرف سیکیورٹی اقدامات تک محدود نہ رہنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ خیبرپختونخواہ کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل مثلاً تعلیم، صحت اور معیارِ زندگی کی بہتری پر بھی بھرپور توجہ دی جائے گی، کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ صوبے کے پسماندہ اور دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی تاکہ پائیدار امن اور ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
