سوشل میڈیا پر پیج بنا کر چندہ مانگنا، حکومت نے سختی سے خبردار کردیا

لاہور (قدرت روزنامہ) پنجاب چیریٹیز کمیشن نے خیراتی اداروں اور فلاحی تنظیموں کو ہدایت کی ہے کہ صرف سوشل میڈیا پیج بنا لینا قانونی رجسٹریشن تصور نہیں ہوتا، اس لیے عطیات مانگنے یا جمع کرنے سے پہلے متعلقہ ادارے کے تحت اپنی رجسٹریشن یقینی بنائی جائے۔

پنجاب چیریٹیز کمیشن کی جانب سے جاری کردہ آگاہی پیغام میں واضح کیا گیا ہے کہ جو خیراتی ادارے عوام سے عطیات یا مالی معاونت حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں پہلے پنجاب چیریٹیز کمیشن کے تحت قانونی طور پر رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے۔

کمیشن نے خبردار کیا کہ محض فیس بک، انسٹاگرام یا کسی دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ادارے کا پیج یا اکاؤنٹ بنا لینا قانونی حیثیت یا رجسٹریشن کا متبادل نہیں۔ خیراتی اداروں کو عطیات کی اپیل کرنے یا چندہ جمع کرنے سے قبل اپنی قانونی رجسٹریشن مکمل کرنی چاہیے۔

پنجاب چیریٹیز کمیشن نے شہریوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ کسی خیراتی ادارے کو عطیہ دینے سے پہلے اس کی رجسٹریشن اور قانونی حیثیت کی تصدیق کریں تاکہ ان کی مالی معاونت درست اور مستحق ادارے تک پہنچ سکے۔

کمیشن نے مزید کہا کہ خیراتی ادارے اپنی عطیات کی اپیلیں اور چندہ جمع کرنے کی سرگرمیاں قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی انجام دیں۔ آگاہی مہم کا مقصد عوام کو غیر رجسٹرڈ خیراتی سرگرمیوں سے محتاط کرنا اور عطیات کے نظام میں شفافیت کو فروغ دینا ہے۔

WhatsApp
Get Alert