پشاور (قدرت روزنامہ) لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں بیک وقت پیدا ہونے والے 6 بچوں میں سے 4 وفات پاگئے . ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق وفات پانے والوں میں 3 بچیاں اور ایک بچہ شامل ہے، خاتون کو دو بچیوں کے ساتھ اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا .
ترجمان کا کہنا تھا کہ ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والی خاتون کے ہاں دو روز قبل 6 بچوں کے پیدائش ہوئی، بچے پیدائشی طور پر کمزور تھے جن کے بچنے کی امید کم تھی، اس سے والدین کو آگاہ کردیا گیا تھا .
خیال رہے کہ اس سے قبل صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر ایبٹ آباد کے نجی اسپتال میں بھی خاتون کے ہاں بیک وقت 7 بچوں کی پیدائش ہوئی تھی . بیک وقت پیدا ہونے والے سات بچوں میں سے چھ انتقال کرگئے تھے . ایوب ٹیچنگ اسپتال کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سات میں سے چھ بچے فوت ہوگئے ، جبکہ زندہ رہ جانے والے بچےکی حالت بھی تشویشناک بتائی گئی تھی .
انہوں نے کہا کہ بچے کا موجودہ وزن ایک کلو ہے .
ایوب ٹیچنگ اسپتال میں بچے کو تمام تر ضروری سہولیات دی جا رہی ہیں . یہاں واضح رہے کہ چند روز قبل قدرت کا کرشمہ ہوا تھا . ایبٹ آباد میں خاتون کے ہاں ایک ساتھ 7 بچوں کی پیدائش ہوئی تھی . بتایا گیا کہ خیبرپختونخواہ کے ضلع ایبٹ آباد میں واقع ایک نجی ہسپتال میں اللہ نے خاتون کو ایک ساتھ 7 بچوں سے نواز دیا . میڈیا رپورٹس کے مطابق ایبٹ آباد کے نجی ہسپتال میں 34 سالہ خاتون کے ہاں 7 بچوں کی پیدائش ہوئی، پیدائش کے بعد ڈاکٹرز نے خاتون اور تمام بچوں کو صحت مند قرار دیا .
بتایا گیا کہ نومولود بچوں میں 4 بیٹے اور 3 بیٹیاں شامل جبکہ خاتون کی پہلے بھی 2 بیٹیاں ہیں . ایک ساتھ 7 بچوں کو جنم دینے والی خاتون کا تعلق ضلع بٹگرام سے ہے . بچوں کے والد نے اردو پوائنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ اللہ نے ان پر بہت کرم کیا ہے .