اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کمرشل بینکوں کو ٹرانزیکشن الرٹس نہ بھیجنے پر خبردار کردیا

کراچی(قدرت روزنامہ)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکوں کو ٹرانزیکشن الرٹس میں تاخیر پر سخت ایکشن لینے کا عندیہ دے دیا ہے۔استیٹ بینک آف پاکستان نے کمرشل بینکوں کو اکاؤنٹس ہولڈرز کو ٹرانزیکشن الرٹس بھجنے پر تاخیر کرنے پر سخت کارروائی سے خبردار کردیا ہے جبکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سیکیورٹی سے متعلق ایک سرکلر بھی جاری کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق 28 نومبر 2018 کو بینکوں کو رہنما خطوط جاری کیے گئے تھے جس میں بینکوں اور مائیکرو فنانس بینکوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ ای میل اور مفت ایس ایم ایس کے ذریعے ٹرانزیکشن الرٹ بھیجیں۔
سرکلر کے مطابق اسٹیٹ بینک کو شکایات ملیں ہیں کہ ان ہدایات پرعمل نہیں کیا جارہا اور صارفین کو اپنے اکاؤنٹس میں ٹرانزیکشنز پوسٹ کرنے کے باوجود فوری طور پر ایس ایم ایس الرٹس موصول نہیں ہوتے ہیں۔اسٹیٹ بینک سرکلر کے مطابق کئی بار صارفین کو ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے معلومات بھی نہیں ملتی ہیں جبکہ اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے تمام الرٹس ہر صورت بھجنے کے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
جاری کردہ سرکلر کے مطابق بینک صارفین کو ای میل اور ایس ایم ایس الرٹ کے ذریعے کریڈٹ یا ڈیبٹ کی اپ ڈیٹ بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہیں جبکہ ہدایات کا اطلاق فوری طور پر کیا جائے۔سرکلر میں کہا گیا ہے کہ تمام ہدایات کی تعمیل میں ناکامی پر متعلقہ قانونی اور ریگولیٹری دفعات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے تعزیری کارروائی کی جائے گی۔