عمان میں ملازمت کرنے والے پاکستانیوں کے لئے بڑی خبر

مسقط(قدرت روزنامہ) عمان میں ملازمت ختم ہونے پر ملازمین کو بڑی سہولت دے دی گئی ، ہر سال کی سروس پر ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ کے برابر گریچویٹی دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سلطنتِ عمان میں نافذ نئے لیبر قانون (رائل ڈیکری نمبر 53/2023) کے تحت ملازمت کے اختتام پر ملنے والے مالی فوائد اور اینڈ آف سروس گریچویٹی سے متعلق واضح قانونی ضوابط جاری کر دیے گئے ہیں، جو ملازمین کو مضبوط مالی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
قانون کے آرٹیکل 61 کے تحت وہ تمام کارکنان جو سوشل پروٹیکشن قانون کے تحت فراہم کردہ مراعات کے دائرہ کار میں نہیں آتے، وہ ملازمت کے خاتمے پر آجر سے گریچویٹی کے قانونی حقدار ہوں گے۔
قانون کے مطابق ہر مکمل سال کی ملازمت کے بدلے کم از کم ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ کے برابر گریچویٹی دی جائے گی، جبکہ ایک سال سے کم مدت ملازمت کی صورت میں ادائیگی کا حساب تناسب سے کیا جائے گا۔
گریچویٹی کا تعین ملازمت ختم ہونے کے وقت ملنے والی بنیادی تنخواہ کی بنیاد پر ہوگا۔ قانون کے نفاذ سے پہلے کی گئی ملازمت کی مدت بھی اس حساب میں شامل ہوگی۔
قانون کے تحت یہ نظام اس وقت تک جاری رہے گا جب تک سوشل پروٹیکشن قانون کے تحت متعارف کرایا جانے والا بچت کا نظام مکمل طور پر فعال نہیں ہوجاتا۔
آجر کو سابقہ ملازمت کے حقوق کی رقم ملازم کو براہِ راست ادا کرنے یا متعلقہ شرائط کے تحت بچت کے نظام میں جمع کرانے کا اختیار بھی حاصل ہے۔
عمانی لیبر قانون کے آرٹیکل 48 کے مطابق آجر متبادل بچت یا مالیاتی پروگرام کے ذریعے بھی گریچویٹی ادا کرسکتا ہے، بشرطیکہ پروگرام کے تحت ملنے والی رقم قانونی گریچویٹی کے برابر یا اس سے زیادہ ہو۔
رقم کم ہونے کی صورت میں آجر کو باقی فرق ادا کرنا ہوگا۔ ایسے پروگرام کے لیے وزارتِ محنت اور سوشل پروٹیکشن فنڈ کی پیشگی منظوری ضروری ہے۔
قانون میں ملازمت سے برطرفی اور استعفے کی صورت میں بھی مختلف شرائط بیان کی گئی ہیں۔
آرٹیکل 40 کے تحت بعض سنگین خلاف ورزیوں پر آجر بغیر پیشگی نوٹس کے ملازم کو فارغ کرسکتا ہے، جبکہ آرٹیکل 41 کے تحت آجر کی سنگین خلاف ورزی، دو ماہ سے زائد تنخواہ کی عدم ادائیگی، دھوکہ دہی یا جسمانی حملے کی صورت میں ملازم بغیر نوٹس کے ملازمت چھوڑ سکتا ہے اور اپنے قانونی حقوق برقرار رکھ سکتا ہے۔
مزید برآں، آرٹیکل 11 کے تحت اگر عدالت ملازمت سے برطرفی کو غیر منصفانہ یا غیر قانونی قرار دے تو آجر کو گریچویٹی کے علاوہ اضافی معاوضہ اور دیگر واجبات ادا کرنے کا حکم بھی دیا جاسکتا ہے۔
قانون کے مطابق ملازم کی درخواست پر بغیر تنخواہ خصوصی چھٹی اور بچے کی دیکھ بھال کے لیے مخصوص بلا معاوضہ چھٹی کی مدت سروس میں شامل ہوسکتی ہے، تاہم اسے گریچویٹی کے حساب میں شمار نہیں کیا جائے گا۔
اسی طرح ملازمت ختم ہونے پر حکومت یا آجر کے ثابت شدہ مالی واجبات قانونی شرائط کے تحت گریچویٹی یا دیگر مالی مراعات سے منہا کیے جاسکتے ہیں۔
عمان میں کام کرنے والے پاکستانیوں سمیت دیگر غیر ملکی ملازمین کے لیے ضروری ہے کہ وہ ملازمت کے معاہدے، بنیادی تنخواہ، سروس کی مدت اور اپنی ملازمت ختم ہونے کی وجوہات کے مطابق اپنے قانونی حقوق کی تصدیق کریں۔
