کوئٹہ میں بنیادی سہولتوں کا فقدان حکومتی نااہلی کا کھلا ثبوت، گیس، بجلی اور پانی کے بحران نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

دارالحکومت کے قدیم علاقے بھی کھنڈر بنے ہوئے ہیں، وسائل پر تسلط کی پالیسیوں کے خلاف منظم سیاسی جدوجہد تیز کی جائے گی: عیسیٰ روشان و دیگر


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان، مرکزی سیکریٹری مالیات محمد یوسف خان کاکڑ اور مرکزی سیکریٹری اللہ نور خان چیئرمین نے کہا ہے کہ پارٹی کے ہر ادارے کی کانفرنسوں اور انتخابات سے کارکنوں میں نیا ولولہ اور جذبہ پیدا ہوتا ہے، جس سے پارٹی مزید مضبوط اور منظم ہو رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پارٹی ضلع کوئٹہ سے مربوط بلیلی اور شالدرہ کی علاقائی کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ سے مربوط بلیلی علاقائی کانفرنس کا بند اجلاس ضلعی سینئر سیکریٹری ندا سنگر کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے صوبائی سیکریٹری اول فقیر خوشحال کاسی، صوبائی ڈپٹی سیکریٹریز رحمت اللہ صابر اور پروفیسر اسد خان ترین، جبکہ ضلعی معاونین ملک فرید خان، سید عبداللہ آغا، عصمت اللہ ترین، قیام الدین کاسی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔کانفرنس میں سابق علاقائی سیکریٹری ملک احمد جان ناصر نے گزشتہ دور کی تنظیمی کارکردگی پر مشتمل رپورٹ پیش کی، جس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد مندوبین نے منظوری دی۔ بعدازاں نئے علاقائی ایگزیکٹو کا انتخاب عمل میں لایا گیا، جس کے مطابق اسد خان سیکریٹری، اجمل خان سینئر معاون، جبکہ ملک احمد جان ناصر، ڈاکٹر ظفر خان، زمان خان، اجمل ناصر، ملک ہارون کاسی، علی احمد، صدیق خان کاکڑ، خان محمد اور فرید خان معاونین منتخب ہوئے۔ نومنتخب عہدیداروں سے پارٹی کے صوبائی سیکریٹری اول فقیر خوشحال کاسی نے حلف لیا۔ کانفرنس کی نگرانی کے فرائض صوبائی ڈپٹی سیکریٹری رحمت اللہ صابر نے انجام دیے، جبکہ تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت مولوی گل بدین نے حاصل کی۔ کانفرنس سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری پروفیسر اسد خان ترین، فیاض خان اور عبداللہ اچکزئی نے بھی خطاب کیا۔ شرکاء نے پارٹی کو مزید فعال، منظم اور مضبوط بنانے اور قومی و سیاسی جدوجہد کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ سے مربوط شالدرہ علاقائی کانفرنس کا بند اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کانفرنس کی نگرانی کے فرائض ضلعی معاون سیکریٹریز محمد رسول ترین اور نور آغا درانی نے انجام دیے، جبکہ تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حافظ بلال نے حاصل کی۔کانفرنس میں علاقائی سیکریٹری نے گزشتہ دور کی تنظیمی و سیاسی کارکردگی پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی، جس کا جائزہ لینے کے بعد سینکڑوں مندوبین نے منظوری دی۔ بعدازاں نئے علاقائی ایگزیکٹو کا انتخاب عمل میں لایا گیا، جس کے مطابق غنی خان مومند سیکریٹری، صادق زلاند سینئر معاون سیکریٹری، جبکہ کاکا صلاح الدین بڑیچ، عادل خان، نعیم خان، محمد نبی، داؤد خان، جمیل سالار، دارو خان، امجد خان اور حاجی قاسم خان ترین معاونین منتخب ہوئے۔ نومنتخب عہدیداروں سے پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے حلف لیا۔کانفرنس سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹریز عبیداللہ توخی، عبدالرزاق خان بڑیچ اور علی محمد ترین، ضلعی معاون سیکریٹری، سابق علاقائی سیکریٹری حاجی عبدالسلام بڑیچ، ڈاکٹر طاہر خان، کاکا پامیر اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ضلعی معاون سیکریٹری گل شاہین وردگ، گل کاکڑ، ملک شاہد کاسی اور مرکزی کمیٹی کے اراکین حاجی نسیم اللہ خواری کش اور حاجی شائستہ خان بڑیچ سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں سینکڑوں مندوبین شریک ہوئے۔مقررین نے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر سابق علاقائی سیکریٹری حاجی عبدالسلام بڑیچ اور ان کی کابینہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شالدرہ میں پارٹی کو فعال اور منظم بنانے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے نومنتخب سیکریٹری غنی خان مومند، سینئر معاون سیکریٹری صادق زلاند اور کابینہ کے دیگر اراکین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید وسعت دیں گے اور عوامی رابطوں کو مضبوط بنائیں گے۔بلیلی اور شالدرہ کی علاقائی کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ کارکن کسی بھی سیاسی تنظیم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اپنے کارکنوں کو نظریاتی اور تنظیمی بنیادوں پر منظم کرتے ہوئے پشتون قوم کی قومی خودمختاری، برابری، پشتونخوا وطن کی ملی وحدت، حقیقی اختیار اور قومی وسائل پر قومی کنٹرول کے حصول کے ساتھ ساتھ ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تنظیمی کانفرنسوں کا مسلسل انعقاد اور کارکنوں کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پارٹی کی سیاسی و تنظیمی جدوجہد مسلسل آگے بڑھ رہی ہے۔مقررین نے کوئٹہ شہر، بالخصوص بلیلی اور شالدرہ کے علاقوں میں عوام کو درپیش بنیادی مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے قدیم علاقوں میں شمار ہونے کے باوجود شالدرہ کے عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ علاقے میں گیس کی عدم دستیابی، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، پانی کی قلت اور صفائی و نکاسیٔ آب کی ابتر صورتِ حال نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ان بنیادی مسائل کے باعث شہریوں کو روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام ان مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کارکنوں کی نظریاتی وابستگی، اتحاد، تنظیمی فعالیت اور منظم سیاسی جدوجہد ہی قومی حقوق کے حصول کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ تنظیمی اداروں کو مزید مضبوط بنائیں، عوام کے ساتھ اپنے رابطے مستحکم کریں اور پشتون قومی حقوق، جمہوریت، سماجی انصاف اور قومی خودمختاری کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں

WhatsApp
Get Alert