سوئی گیس کے ظالمانہ بلوں نے عوام کی چیخیں نکال دیں، 2 یونٹ پر 18 ہزار کے بل حکومتی بے حسی کا ثبوت

مہنگائی کی ماری عوام پر گیس بم گرا دیا گیا، من مانے چارجز اور بوگس ریڈنگ کے خلاف عدلیہ اور اعلیٰ حکام فوری نوٹس لیں: عوامی حلقے


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے شہریوں کو سوئی گیس کے غیر معمولی اور بھاری بھرکم بل موصول ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ شہریوں کے مطابق کہیں گیس کے انتہائی کم استعمال کے باوجود ہزاروں روپے کے بل بھیجے گئے ہیں، جبکہ متعدد صارفین کے بل 17 ہزار اور 18 ہزار روپے سے بھی تجاوز کر گئے ہیں۔شہریوں کی جانب سے سامنے آنے والے بلوں میں کہیں صرف 2 یونٹ کے استعمال پر تقریبا 18 ہزار روپے، کہیں 50 یونٹ پر 18 ہزار روپے سے زائد اور کہیں 65 یونٹ کے استعمال پر بھی 18 ہزار روپے سے زیادہ رقم درج ہونے کی شکایات ہیں۔ اسی طرح بعض صارفین کا کہنا ہے کہ گیس کے استعمال کی مقدار بہت کم ہونے کے باوجود ان کے بل ہزاروں روپے تک پہنچ گئے ہیں۔سوال یہ ہے کہ آخر عام شہری اتنے بھاری بھرکم بل کیسے ادا کریں؟ ایک طرف مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تنگدستی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، دوسری جانب گیس کے بلوں میں غیر معمولی اضافے نے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ عام آدمی کے لیے گھر کے اخراجات پورے کرنا پہلے ہی مشکل ہے، ایسے میں ہزاروں روپے کے بل عوام کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن رہے ہیں۔ہم وزیراعلی بلوچستان، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، وفاقی حکومت اور تمام متعلقہ اعلی حکام و اداروں سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں موصول ہونے والے ان بھاری بھرکم گیس بلوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔ہم بالخصوص سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC)، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (OGRA)، وزارتِ توانائی، پٹرولیم ڈویژن اور متعلقہ انسپیکشن و شکایات کے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس معاملے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں۔ہمارے اہم مطالبات کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں موصول ہونے والے 17 ہزار، 18 ہزار اور اس سے زائد کے بلوں کی فوری جانچ پڑتال کی جائے۔کم گیس استعمال کرنے والے صارفین کے بلوں میں درج ریڈنگ، ٹیرف، مقررہ چارجز، ٹیکس اور دیگر مدات کا مکمل آڈٹ کیا جائے۔جہاں غلط ریڈنگ، غلط حساب یا غیر درست چارجز ثابت ہوں، وہاں بلوں کی فوری اصلاح اور صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔متعلقہ حکام کی نگرانی میں انسپیکشن اور انکوائری کی جائے تاکہ معلوم ہو سکے کہ اتنے بھاری بل کن وجوہات کی بنا پر بھیجے جا رہے ہیں۔شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے مثر نظام بنایا جائے اور ذمہ داری ثابت ہونے پر قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔خدارا! عوام کی مشکلات کا احساس کریں۔ اس بے روزگاری، مہنگائی اور تنگدستی کے دور میں شہریوں کو ایسے مالی بوجھ تلے نہ دبایا جائے جسے برداشت کرنا ان کے لیے ممکن نہ ہو۔ اگر بل درست ہیں تو ان کی تمام مدات اور حساب عوام کے سامنے واضح کیا جائے، اور اگر کہیں غلطی یا بے ضابطگی ہے تو اس کا فوری ازالہ کیا جائے۔ہم وزیراعلی بلوچستان، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ اور تمام متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس معاملے پر سخت سے سخت اور جلد از جلد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ کوئٹہ کے شہریوں کو انصاف اور ریلیف مل سکے۔عوام کی آواز سنی جائے، بھاری بھرکم گیس بلوں کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور شہریوں کو ان کا جائز حق دیا جائے!۔

WhatsApp
Get Alert