سعودی عرب میں مسافروں کی جان بچانے کی کوشش میں ایئرپورٹ ملازم جان کی بازی ہار گیا، 6 بچے باپ کی شفقت سے محروم

دمام کے شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے بعد طیارے کے قریب آگ بھڑک اٹھی، سلطان القحطانی ساتھیوں کے ہمراہ آگ بجھانے پہنچ گئے، دھواں سانس میں جانے سے طبیعت بگڑی اور ہسپتال میں انتقال کر گئے


دمام(قدرت روزنامہ)سعودی عرب کے شہر دمام میں شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے بعد مسافروں کی جانیں بچانے کیلئے آگ بجھانے کی کوشش کرنے والا سعودی ملازم خود زندگی کی بازی ہار گیا۔ 6 بچوں کے والد سلطان بن علی المستور القحطانی نے مسافر طیارے کے قریب بھڑکنے والی آگ کو پھیلنے سے روکنے کیلئے اپنی جان خطرے میں ڈال دی، تاہم اس دوران شدید دھواں سانس میں جانے کے باعث ان کی طبیعت خراب ہوگئی اور بعد ازاں ہسپتال میں ان کا انتقال ہوگیا۔
خلیجی اخبار گلف نیوز اور عرب نیوز کی رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بدھ 21 اکتوبر کو پیش آیا، جب دمام کے شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ایک حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے نتیجے میں ایئرپورٹ کے گیٹ نمبر 19 اور 20 کے قریب آگ بھڑک اٹھی، جہاں ایک مسافر طیارہ بھی موجود تھا۔
سلطان القحطانی اس وقت اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔ دھماکے کی آواز سن کر وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ باہر نکلے تو دیکھا کہ آگ طیارے کے قریب پہنچ سکتی ہے۔
مسافروں کی سلامتی کو لاحق خطرہ دیکھتے ہوئے انہوں نے فوری طور پر دستی آگ بجھانے والے آلات اٹھائے اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کر دی۔
آگ بجھانے کے بعد سینے میں درد اور سانس لینے میں دشواری
سلطان القحطانی کے والد علی القحطانی نے سعودی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا بیٹا اپنے ساتھیوں کے ساتھ مسافروں کو طیارے میں سوار کرانے کی تیاری کر رہا تھا کہ اچانک دھماکا ہوا۔
آگ کے شعلے دیکھ کر وہ فوری طور پر انہیں بجھانے کیلئے پہنچ گیا تاکہ آگ مسافر طیارے تک نہ پہنچ سکے۔ والد کے مطابق آگ بجھانے کی کوشش کے کچھ دیر بعد سلطان نے اپنے سینے میں درد محسوس کیا اور ساتھیوں کو اپنی طبیعت خراب ہونے کے بارے میں بتایا۔ انہیں سانس لینے میں بھی دشواری پیش آ رہی تھی، جس پر ساتھیوں نے فوری طور پر ہسپتال جانے کا مشورہ دیا۔
سعودی اخبار عکاظ سے وابستہ نیوز ادارے عاجل کے مطابق سلطان کو پہلے سعودی جرمن ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت بگڑ گئی۔ بعد ازاں ان کی موت کے بعد میت کو ضروری قانونی کارروائی کیلئے دمام میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔ سعودی وزارت صحت کے مشرقی صوبے کے دفتر نے بھی اس واقعے کے بعد ہسپتال میں فراہم کیے گئے علاج سے متعلق سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے سوالات کا جائزہ لیا۔
حکام کے مطابق مریض کو ہسپتال پہنچنے پر طبی امداد فراہم کی گئی تھی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
6 بچوں کے والد تھے، خاندان نے قربانی پر فخر کا اظہار کیا
سلطان القحطانی کی موت نے ان کے خاندان کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ وہ شادی شدہ تھے اور ان کے 6 بچے ہیں، جن میں 2 بیٹے اور 4 بیٹیاں شامل ہیں۔ تمام بچے زیر تعلیم ہیں، جبکہ بڑا بیٹا مڈل سکول میں پڑھتا ہے۔
سلطان کے والد علی القحطانی نے اپنے بیٹے کی آخری لمحات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں اس کی جدائی کا شدید دکھ ہے، لیکن انہیں اس بات پر فخر بھی ہے کہ اس نے دوسروں کی زندگیاں بچانے کیلئے اپنی جان خطرے میں ڈالی۔ عرب نیوز کے مطابق سلطان کے چچا خالد حسین القحطانی نے بھی اپنے بھتیجے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خاندان کیلئے باعث فخر تھا اور اس نے ایک بہادر انسان کی طرح زندگی گزاری اور اسی بہادری کے ساتھ دنیا سے رخصت ہوا۔
خاندان کے افراد کے مطابق سلطان اپنے والدین اور بہن بھائیوں سے گہرا تعلق رکھتے تھے، جبکہ ان کی والدہ اور دیگر رشتہ دار باقاعدگی سے ان سے ملاقات کیلئے آتے تھے۔
ایئرپورٹ حملے میں 2 افراد جاں بحق، 8 زخمی ہوئے
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق 21 اکتوبر کی شام شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے میں مجموعی طور پر 2 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔
جاں بحق افراد میں ایک سعودی شہری اور ایک بھارتی باشندہ شامل تھے۔ زخمیوں میں ایک سعودی شہری کے علاوہ بھارت، یمن، بنگلہ دیش اور نیپال سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی بھی شامل تھے۔ حکام کے مطابق زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ ایئرپورٹ کی عمارت اور دیگر تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سعودی حکام نے بعد ازاں تصدیق کی کہ ضروری حفاظتی اقدامات کے بعد ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا ہے۔
سعودی اور خلیجی ذرائع ابلاغ نے حملے کو حوثیوں سے منسوب کیا ہے، تاہم ابتدائی طور پر سعودی شہری ہوا بازی کے حکام نے حملے کی ذمہ داری کسی مخصوص گروہ پر عائد نہیں کی تھی۔ سلطان القحطانی کی موت کے بعد ان کے خاندان اور سعودی میڈیا میں ان کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ وہ ایک ایسے ملازم کے طور پر یاد کیے جا رہے ہیں جس نے ہنگامی صورتحال میں اپنی حفاظت سے پہلے مسافروں کی سلامتی کو ترجیح دی۔

WhatsApp
Get Alert