بلوچستان میں کوئی نو گو ایریا نہیں، عوام ریاست اور فورسز کے ساتھ ہیں،میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مسلسل تیسرے روز بھی کھلی کچہری لگائی جہاں انہوں نے صوبے کے مختلف اضلاع سے آئے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے۔ کھلی کچہری کے دوران وزیراعلیٰ نے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی اور علاقائی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے عوامی مسائل کی براہ راست شنوائی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو شکایات پر فوری کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں کوئی نو گو ایریا نہیں ہے، صوبے کے عوام ریاست اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حکومتی اور اپوزیشن دونوں کے ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں باقاعدگی سے جاتے ہیں اور علاقائی تقریبات میں شرکت کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب کے علاقے تونسہ کو بلوچستان سے ملانے والی اہم شاہراہ کے لیے وفاقی فنڈز کے اجرا کی خاطر بھرپور کوششیں کی گئی ہیں۔
انہوں نے ضلع بارکھان میں شامل ہونے والے علاقوں اندر پہوڑ، میریڑی واہ اور رڑہ شم سمیت تمام علاقوں کے بند سرکاری اسکول فوری طور پر کھولنے کی خصوصی ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت بچیوں کی تعلیم کو یکساں اہمیت دے رہی ہے اور اس مقصد کے لیے خصوصی پائلٹ پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔ مزید برآں وزیراعلیٰ نے چھپر قومی شاہراہ سے کھرڑ بزدار تک سڑک کی تعمیر کے لیے سروے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر سے بلوچستان کو پنجاب کے لیے ایک اور متبادل راستہ میسر آئے گا اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی زبردست فروغ ملے گا۔
دریں اثناء سیاسی و سماجی رہنما میر یعقوب بزدار نے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی اور علاقے کے مسائل و ترقیاتی ضروریات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے عوامی سہولت کے پیش نظر کھرڑ بزدار سے ڈیرہ غازی خان تک مریضوں کی منتقلی کے لیے فوری طور پر ایمبولینس سروس فراہم کرنے کی ہدایت کی اور اعلان کیا کہ اس ایمبولینس سروس کے تمام ماہانہ اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی مسائل کا حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
