حکومت کا طلبہ کے لیے بڑا اقدام، 5 لاکھ کروم بکس کن بچوں کو ملیں گی؟

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم کروم بک اسکیم 2026 کے تحت طلبہ کو جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ اسکیم کے لیے اہلیت جانچنے اور درخواست دینے کا طریقہ بھی سامنے آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ملک بھر کے ذہین اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو جدید ڈیجیٹل تعلیم، آن لائن تحقیق اور تعلیمی وسائل تک رسائی فراہم کرنے کے لیے کروم بک اسکیم 2026 شروع کرنے کی تیاری کی گئی ہے۔
اس منصوبے کے تحت مختلف تعلیمی بورڈز کے ذریعے 5 لاکھ کروم بکس تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے۔ اسکیم میں طلبہ کی شمولیت کے لیے تعلیمی کارکردگی اور متعلقہ علاقوں کے قواعد کو مدنظر رکھا جائے گا۔
کون سے طلبہ کروم بک اسکیم کے لیے اہل ہوں گے؟
اسکیم کے فراہم کردہ معیار کے مطابق پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے سرکاری اسکولوں میں نویں جماعت کے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ اہل ہوں گے۔
اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں نویں اور دسویں جماعت کے بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو شامل کیا جائے گا۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق نجی اسکولوں کے طلبہ اس اسکیم کے اہلیت کے معیار میں شامل نہیں ہیں۔
کروم بک اسکیم میں اہلیت کیسے چیک کریں؟
طلبہ انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) کے پورٹل pmychromebooks.ibcc.edu.pk پر جا کر اپنا ریکارڈ چیک کرسکتے ہیں اور درخواست دینے کے لیے متعلقہ سیکشن استعمال کرسکتے ہیں۔
اس کے لیے سب سے پہلے ویب سائٹ کھولیں اور اسٹوڈنٹ ریکارڈ سرچ یا اپلائی کا انتخاب کریں۔ اس کے بعد متعلقہ تعلیمی بورڈ منتخب کرکے ب فارم یا شناختی کارڈ نمبر، رول نمبر یا رجسٹریشن نمبر درج کریں۔
طلبہ کو اپنی سرکاری دستاویزات کے مطابق تاریخ پیدائش درج کرنے کے بعد “Find My Record” پر کلک کرنا ہوگا۔ ریکارڈ سامنے آنے پر نام، اسکول اور دیگر معلومات کی تصدیق کرنا ضروری ہے۔
تاہم پورٹل پر ریکارڈ ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ کروم بک کی فراہمی یقینی ہوگئی ہے۔
درخواست کے لیے کون سی دستاویزات درکار ہوں گی؟
درخواست کے لیے طلبہ کو تازہ ترین پاسپورٹ سائز رنگین تصویر، میٹرک کی مارک شیٹ (SSC-I یا SSC-II)، اپنے ب فارم یا شناختی کارڈ کی تصدیق شدہ کاپی اور والد یا سرپرست کے شناختی کارڈ کی تصدیق شدہ کاپی فراہم کرنا ہوگی۔
ویب سائٹ پر دستاویزات اپ لوڈ کرنے کے لیے ہر فائل کا سائز 300 کلو بائٹس تک مقرر کیا گیا ہے، جبکہ تصویر JPG یا PNG فارمیٹ میں ہونی چاہیے۔
طلبہ درخواست دینے سے پہلے اپنی معلومات اور دستاویزات درست ہونے کی تصدیق کریں تاکہ درخواست کے عمل میں کسی ممکنہ مشکل سے بچا جاسکے۔
