ملک بھر کے ائیرپورٹس پر ایف آئی اے کا امیگریشن سسٹم ایک گھنٹہ معطل رہنے کے بعد بحال

کراچی (قدرت روزنامہ)ملک بھر کے ائیرپورٹس پر ایف آئی اے کا امیگریشن سسٹم ایک گھنٹہ معطل رہنے کے بعد بحال ہوگیا۔
جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ سمیت ملک بھر کے ائیرپورٹس پر ایف آئی اے کا امیگریشن سسٹم بیٹھ گیا تھا۔
ائیرپورٹ حکام کے مطابق سسٹم بیٹھ جانے سے مسافروں کا امیگریشن عمل عارضی طور پر معطل ہوا، ایف آئی اے کاؤنٹرز پر مسافروں کی طویل لائنیں لگی رہیں۔
حکام نے بتایا کہ ایف آئی اے کا امیگریشن سسٹم ملک کے تمام ائیرپورٹس پر بیک وقت معطل ہوا۔
امیگریشن سسٹم بند ہونے سے بین الاقوامی پروازوں کی روانگی بھی متاثر ہوئی، ائیرپورٹ حکام کے مطابق تقریباً ایک گھنٹے تک معطل رہنے کے بعد ایف آئی اے کا امیگریشن سسٹم بتدریج بحال ہوا۔
ایف آئی اے حکام نے رابطہ کرنے کے باوجود امیگریشن سسٹم معطل ہو جانے کی وجوہات سے آگاہ نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق 2 ہفتے قبل بھی جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایف آئی اے کا امیگریشن سسٹم بیٹھ گیا تھا ۔
