ایپل کے فولڈ ایبل آئی فون کو بڑا جھٹکا، فروخت کے چند دن بعد ہی قیمت کم

امریکہ (قدرت روزنامہ)امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی فروخت شروع ہونے کے چند ہی دن بعد چین میں اس کی قیمت میں کمی کی اطلاعات سامنے آگئی ہیں، جبکہ بعض صارفین کی جانب سے آرڈرز منسوخ کرنے اور فون کے معیار پر سوالات اٹھانے کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، چین میں فروخت کے آغاز کے صرف 3 دن بعد بعض سیلز چینلز پر آئی فون ڈوو کی قیمت کم دیکھی گئی۔ اس کے علاوہ فون کی ری سیل قیمت میں بھی رواں ماہ کے آغاز کے مقابلے میں نمایاں کمی کی اطلاعات ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، آئی فون ڈوو کے 256 جی بی ماڈل کی سرکاری قیمت 15 ہزار 999 چینی یوان مقرر کی گئی تھی، جو تقریباً 2 ہزار 399 امریکی ڈالر بنتی ہے۔ اس قیمت کے ساتھ یہ ایپل کے مہنگے ترین آئی فونز میں شامل ہے۔
تاہم، بعض خریدار آن لائن پلیٹ فارمز کی سبسڈی کے ذریعے یہی ماڈل 15 ہزار 499 یوان میں خریدنے میں کامیاب رہے، جس سے سرکاری قیمت اور دستیاب رعایتی قیمت کے درمیان فرق سامنے آیا ہے۔
دوسری جانب، چینی سوشل میڈیا پر فون کے معیار سے متعلق شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ بعض صارفین نے اسکرین یا قبضے میں دراڑیں پڑنے، بڑی اسکرین پر بعض ایپس کے اطراف سیاہ پٹیاں دکھائی دینے اور مرمت کے بھاری اخراجات سے متعلق خدشات کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایپل کی ویب سائٹ پر بعض آرڈرز کی ڈیلیوری جنوری 2027 تک متوقع بتائی گئی تھی، لیکن اس کے باوجود کچھ ڈسٹری بیوٹرز فون کو سرکاری قیمت سے کم پر فروخت کر رہے ہیں۔
قیمت میں ابتدائی کمی، صارفین کی شکایات اور آرڈرز منسوخ ہونے کی اطلاعات نے ایپل کے اس مہنگے فولڈ ایبل فون کی طلب کے بارے میں سوالات اٹھا دیے ہیں۔ تاہم، قیمتوں میں کمی کی وجوہات اور معیار سے متعلق شکایات کی آزادانہ تصدیق ضروری ہے۔
