سندھ اسمبلی نے سندھ میں نئے صوبےکے معاملے پر فل اسٹاپ لگادیا ہے، بلاول

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاق سے 28 ویں ترمیم پرکسی قسم کی مشاورت کی تردید کرتے ہوئےکہا ہےکہ سندھ اسمبلی نے سندھ میں نئے صوبے کے معاملے پر فل اسٹاپ لگادیا ہے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ صوبےکے معاملے پرپیپلزپارٹی کا موقف واضح ہے اور بار بار سامنے آیا ہے، سندھ کے عوام اور منتخب نمائندوں نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، سندھ کے عوام ہی سندھ کی قسمت کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کا کام نہیں کہ لوگوں میں نفرت اور تقسیم پیدا کریں،کراچی سے تعلق رکھنے والے وفاقی کابینہ میں شامل لوگوں نے شہر میں ایک ٹکےکا کام نہیں کیا، وفاقی حکومت کراچی میں دلچسپی نہیں لیتی، اُس کے نمائندے شہر میں نفرت پھیلانے میں لگے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو کراچی پر توجہ دینی چاہیے، شہر میں وفاقی اور صوبائی ادارے مل کر کام کریں تو عوام کی خدمت کی جاسکتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت کافرض ہےکہ عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرے، ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے، سندھ حکومت کی کوشش ہےکہ عوام کے معاشی بوجھ کو کم کرسکے، بجلی کے بل اتنے بڑھ چکے ہیں کہ عوام کو ادائیگی میں مشکلات ہیں، سوچ رہا تھا کہ کاش ہم پورے لیاری کو شمسی توانائی پر منتقل کرسکتے،سندھ حکومت کوشش کر رہی ہےکہ لیاری کے عوام کو شمسی توانائی فراہم کرے۔
