سری لنکا نے ٹرائی سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، انگلینڈ باہر

لاہور(قدرت روزنامہ) سری لنکن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرائی سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
سری لنکن کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سہ ملکی (ٹرائی) سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اس شکست کے بعد انگلینڈ کی ٹیم فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔
لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستانی بیٹنگ لائن ناکامی کا شکار ہوئی اور پوری ٹیم 26ویں اوور میں محض 110 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں سری لنکا کی ٹیم نے 111 رنز کا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر آسانی سے حاصل کر لیا۔ سری لنکا کی جانب سے کمنڈو مینڈس نے شاندار نصف سنچری اسکور کی اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
اس ٹرائی سیریز کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان نے 3 جبکہ سری لنکا نے 2 میچز جیت کر فائنل میں اپنی جگہ پکی کی ہے۔ اب ٹورنامنٹ کا فائنل میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آنے والے ہفتے کو کھیلا جائے گا۔
