’بھارتی وزیر اعلیٰ پاکستان آئیں، کھلے دل سے استقبال کریں گے‘

لاہور(قدرت روزنامہ) رکن پنجاب اسمبلی رمیش سنگھ اروڑا نے اعلان کیا ہے کہ بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت سنگھ پاکستان آئیں، ہم ان کا کھلے دل سے استقبال کریں گے۔
پنجاب اسمبلی میں سکھ یاتریوں اور پاک بھارت تعلقات پر (ن) لیگی رہنما میش سنگھ اروڑا نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھگونت سنگھ نے کرتارپور میں پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کی، دنیا بھر کے سکھ پاکستان آنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ پاکستان کو اپنا پہلا ملک سمجھتے ہیں۔
رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ بھارتی وزیر اعلیٰ بھگونت سنگھ مان کو فرانس یا جاپان جانے نہیں دیا جاتا تو پاکستان کیسے آنے دیں گے؟ پاکستان اور بھارت معاہدے کے تحت 5 ہزار سکھ یاتریوں کو کرتارپور آنے کی اجازت تھی، لیکن بھارتی حکومت نے یہ تعداد 5 ہزار سے کم کر کے 500 کر دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے سکھ برادری کو کرتارپور کوریڈور کا تحفہ دیا لیکن بھارتی حکومت یاتریوں کو پاکستان آنے سے کیوں روک رہی ہے؟
رکن پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعلیٰ اور اسپیکر کو پاکستان آنے کی دعوت دیتا ہوں، کھلے دل سے استقبال کریں گے۔
رمیش سنگھ اروڑا نے یہ بھی کہا کہ کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ حق خودارادیت کی جدوجہد میں ساتھ کھڑے ہیں۔
