امیتابھ بچن نے مقبولیت میں تمام بالی وڈ اداکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا
ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی وڈ کے ’شہنشاہ‘ امیتابھ بچن نے مقبولیت میں تمام بالی وڈ کے اداکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔انڈیا ٹو ڈے کی جانب سے ’موڈ آف دی نیشن‘ کے نام سے کیے گئے سروے میں امیتابھ بچن نے 30.6 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ اکشے کمار 12 فیصد ووٹ لے کر دوسری پوزیشن پر آگئے۔
سروے کے مطابق سلمان خان اور شاہ رخ خان نے تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کی، دونوں اداکاروں نے بالترتیب 7 اور 5.2 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ سروے میں پانچویں پوزیشن تامل اداکار رجنی کانت کے نام رہی۔
امیتابھ بچن بالی وڈ کے ان مصروف ترین اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے کورونا وائرس جیسی مہلک وبا کے باوجود مقبول ٹیلی وژن گیم شو ’کون بنے کا کروڑ پتی‘ کا 13واں سیزن مکمل کیا۔ انہیں آخری بار عمران ہاشمی کے ہمراہ فلم ’چہرے‘ میں دیکھا گیا۔
سروے میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے اکشے کمار بالی وڈ کی کئی سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے چکے ہیں۔ اکشے کمار نے اپنی فلم ’بیل باٹم‘ اور ’سوریا ونشی‘ کے ساتھ سنیما گھروں کو آباد کیا اور باکس آفس پر اپنا غلبہ ظاہر کیا۔سلمان خان ’ٹائیگر 3‘ اور شاہ رخ خان ’پٹھان‘ کی وجہ سے گزشتہ سال سے خبروں میں ہیں۔ اسی طرح معروف اداکار رجنی کانت کی فلم ’اناتھے‘ حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے۔