پرائیویٹ حج اسکیم کی 80 فیصد نشستوں پر بکنگ مکمل، عازمین نے 57 ارب 50 کروڑ روپے جمع کرا دیے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سرکاری حج اسکیم کے تحت بکنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد پرائیویٹ حج اسکیم میں درخواستوں اور بکنگ کی رفتار تیز ہوگئی ہے۔ اب تک پرائیویٹ حج اسکیم کی 80 فیصد نشستوں پر بکنگ مکمل ہوچکی ہے، جبکہ تقریباً 15 ہزار نشستیں اب بھی دستیاب ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند عازمین نے واجبات کی مد میں مجموعی طور پر 57 ارب 50 کروڑ روپے جمع کروا دیے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ جمع کرائی گئی رقم میں سے 30 ارب روپے ون لنک پی ایس آئی ڈی (PSID) اور بینک کارڈز کے ذریعے ادا کیے گئے، جبکہ 27 ارب 50 کروڑ روپے مینول بینک چالان کے ذریعے جمع کروائے گئے ہیں۔
پرائیویٹ حج پیکیجز میں قربانی کے 55 ہزار روپے بھی شامل
وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ رواں سال پاک حج ایپ اور حج ڈیجیٹل پورٹل پر دستیاب تمام پرائیویٹ حج پیکیجز میں قربانی کے اخراجات پہلے ہی شامل کیے گئے ہیں، جن کی مالیت 55 ہزار روپے ہے۔
ترجمان کے مطابق عازمین حج اگر کسی اضافی سہولت کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں تو اس کا انتخاب اور متعلقہ ادائیگی بھی صرف حج ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے ہی کی جائے گی۔
پرائیویٹ حج کی بکنگ اور واجبات کی ادائیگی 20 نومبر سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت
وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت حج کی ادائیگی کے خواہش مند افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ باقی رہ جانے والی نشستوں پر جلد از جلد اپنی بکنگ مکمل کر لیں۔
وزارت کے مطابق عازمین حج بکنگ کے لیے پاک حج موبائل ایپ یا حج ڈیجیٹل پورٹل استعمال کر سکتے ہیں۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ حج واجبات کی ادائیگی صرف سرکاری حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے کی جائے۔ عازمین کسی فرد یا کمپنی کو براہ راست رقم ادا نہ کریں، کیونکہ اس نوعیت کے کسی بھی مالی لین دین کی ذمہ داری وزارت مذہبی امور پر عائد نہیں ہوگی۔
