سی پیک نے معیشتوں کو جوڑا، چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور ذہنوں کو جوڑے گا، عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سی پیک نے پاکستان اور چین کی معیشتوں کو جوڑا ہے، جبکہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ اور اعتماد کو فروغ دے گا۔ ڈیجیٹل دور میں رابطہ طاقت اور بیانیہ خودمختاری ہے، جو قوم اپنی کہانی خود نہیں سناتی، اس کی کہانی دوسرے سناتے ہیں۔
اسلام آباد میں چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاک چین دوستی نسل در نسل منتقل ہونے والا قیمتی ورثہ ہے، جسے نئی نسل تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے میڈیا، معلومات کے تبادلے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا مؤثر استعمال وقت کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نے دہائیوں کی خیرسگالی کو عملی ترقی، توانائی کے منصوبوں اور بنیادی ڈھانچے میں تبدیل کیا۔ سی پیک کے پہلے مرحلے نے دونوں ممالک کی زمینوں کو جوڑا، جبکہ اگلے مرحلے میں ذہنوں کو ملانے پر توجہ دی جائے گی۔ ان کے مطابق سی پیک 2.0 کے تحت ترقی، روزگار، جدت اور ماحول دوست ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کا ہدف ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور 4 بنیادی ستونوں، میڈیا، تجارت، تھنک ٹینکس اور ثقافت، سیاحت و نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ میڈیا کے شعبے میں پاکستان اور چین کے 18 اداروں پر مشتمل نیوز ایکسچینج ورکنگ گروپ قائم ہے، جس کے ذریعے تصدیق شدہ خبریں شیئر کی جاتی ہیں۔ گمراہ کن معلومات کی نشاندہی اور حقائق کی بنیاد پر ان کا جواب دینے کے لیے فیکٹ چیکنگ کا نظام بھی موجود ہے۔
انھوں نے کہا کہ تجارتی شعبے کے تحت کراچی میں پہلا علاقائی دفتر قائم ہو چکا ہے، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری اور براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق معلومات کے لیے تجارتی پورٹل تیار کیا جا رہا ہے۔ پوڈکاسٹ سیریز کے ذریعے پاکستان میں چینی اور چین میں پاکستانی کاروباری افراد کی کامیابیوں کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے۔ تھنک ٹینکس کا ستون مشترکہ تحقیق، مکالمے اور اشاعتوں کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کردار ادا کرے گا۔
وفاقی وزیر کے مطابق سنکیانگ اور گلگت بلتستان کے درمیان سیاحتی راہداری پر کام جاری ہے، جس سے چینی سیاحوں کے لیے پاکستان کے شمالی علاقوں تک رسائی میں توسیع ہوگی۔ پاک چین دوستی کے یادگاری سال کے موقع پر دوستی ریلی بھی منعقد کی جائے گی، جبکہ ملک بھر کی 13 جامعات سے نوجوانوں کو یوتھ ایمبیسیڈرز کے پہلے گروپ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی 68 فیصد سے زائد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، اس لیے ڈیجیٹل معیشت میں نوجوانوں کی شمولیت اہم ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی آئی ٹی طلبا کو جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی کے لیے وظائف فراہم کرنے کی تجویز پیش کی، جبکہ علی بابا گروپ کے ساتھ مصنوعی ذہانت سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر عمل درآمد جاری ہے۔
وفاقی وزیر نے چین کے میڈیا اداروں، تھنک ٹینکس، جامعات، کاروباری اداروں اور نوجوان سفیروں کو سی پیک کے تمام شعبوں میں شراکت داری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین نے ماضی میں قراقرم ہائی وے تعمیر کرکے دونوں ممالک کو ملایا، جبکہ اب سچائی اور رابطے کی بنیاد پر ایک نئی شاہراہ تعمیر کی جا رہی ہے۔ ان کے بقول، اگر سی پیک مشترکہ مستقبل کا جسم ہے تو چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور اس کی آواز ہوگا۔
