مدارس ہماری ریڈ لائن ہیں، اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود سرکاری اداروں کا برا حال جبکہ دینی ادارے کردار سازی کر رہے ہیں ا سینیٹر مولانا عبدالواسع

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ مدارس ہماری ریڈ لائن ہیں، سازشیں کرنے والے اربوں روپے کے سہارے چلنے والے اپنے تعلیمی اداروں کا حساب قوم کو دیں۔ مدارس پاکستان کی دینی، علمی اور تہذیبی شناخت ہیں جہاں قرآن و سنت کی تعلیم کے ساتھ لاکھوں بچوں کی تربیت اور خدمت انجام دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب اور امریکہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے دینی تعلیمی نظام کے خلاف منفی اثرات پھیلانا انصاف اور ذمہ داری کے تقاضوں کے خلاف ہے۔ مدارس اور علمائے کرام کی خدمات کو مشکوک بنانے کی کوششیں کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس نے ہمیشہ اسلامی اقدار، اخوت، امن اور اخلاقی تربیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ان سے وابستہ افراد بھی دہشت گردی کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔ ذمہ دار حکومتی شخصیات کو چاہیے کہ حساس معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے حقائق اور ذمہ داری کو ملحوظ رکھیں، مدارس کے بارے میں الزام تراشی کے بجائے اپنے تعلیمی اداروں کے مالی وسائل، اخراجات اور کارکردگی کے حوالے سے بھی شفافیت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مدارس کے وقار، خودمختاری اور جائز حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور کسی کو بھی غیر ذمہ دارانہ بیانات کے ذریعے دینی اداروں اور عوام کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ لہذا دینی مدارس کو دہشت گردی سے جوڑنے اور ان کے خلاف بے بنیاد شکوک و شبہات پیدا کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔
