ہنر مند خواتین کے لیے روزگار کے نئے مواقع، جاب فیئر میں 61 خواتین کو ملازمتوں کی پیشکش، 110 کے لیے بامعاوضہ انٹرن شپ کا اعلان

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)سیکریٹری محنت و افرادی قوت بلوچستان صالح محمد ناصر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نوجوانوں اور خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے اور انہیں روزگار کے پائیدار مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ خواتین کو ہنر کے مطابق روزگار کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنر مند خواتین صوبے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں اور انہیں مناسب مواقع فراہم کرکے معاشی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت یقینی بنائی جا سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی ٹیوٹا) کے زیراہتمام جی آئی زیڈ، یورپی یونین اور برٹش کونسل کے اشتراک سے منعقدہ ویمن جاب فیئر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جاب فیئر صوبے کی ہنر مند خواتین کو صنعتی اداروں اور کمپنیوں کے ساتھ براہ راست رابطے، انٹرویوز اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوا۔جاب فیئر کے دوران 365 ہنر مند خواتین نے 12 صنعتی اداروں اور کمپنیوں کے نمائندوں کے سامنے انٹرویوز دیے، جن میں سے 61 خواتین کو ملازمتوں کی پیشکش کی گئی، جبکہ 110 خواتین کو بامعاوضہ انٹرن شپ کے لیے منتخب کیا گیا۔یہ اقدام خواتین کو عملی تجربہ فراہم کرنے اور انہیں پیشہ ورانہ میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع دینے کی جانب اہم قدم ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی بی ٹیوٹا عبدالکبیر زرکون نے کہا کہ بی ٹیوٹا مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو جدید فنی و پیشہ ورانہ تربیت فراہم کر رہی ہے تاکہ تربیت یافتہ افراد کو روزگار کے حصول میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے جاب فیئرز منعقد کیے جائیں گے اور قومی و بین الاقوامی کمپنیوں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں، بالخصوص خواتین، کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا کیے جا سکیں۔وائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ بلال خان کاکڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت بلوچستان سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ صوبے میں نئے معاشی زونز اور صنعتی ادارے قائم ہوں اور مقامی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو۔اس موقع پر بی ٹیوٹا کے حکام نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وڑن کے تحت صوبے بھر کے 25 ہزار نوجوانوں کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ جدید ہنر سے آراستہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔مقررین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ موجودہ دور میں روایتی تعلیم کے ساتھ عملی اور تکنیکی مہارتوں کا حصول ناگزیر ہو چکا ہے۔ بی ٹیوٹا اور اس کے شراکت دار اداروں کی جانب سے منعقدہ یہ جاب فیئر بلوچستان کی ہنر مند خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے، ان کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھولنے اور صوبے کی معاشی ترقی میں ان کی مؤثر شرکت یقینی بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔
