عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی جیل میں طبیعت خراب، پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف نے قائدِ تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ، 70 سالہ نورین نیازی کی دورانِ حراست طبیعت خراب ہونے اور انہیں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیے جانے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔
مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ پی ٹی آئی کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ موصولہ اطلاعات کے مطابق نورین نیازی کو جیل میں طبیعت خراب ہونے کے بعد پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا، تاہم انتہائی افسوس ناک اور تشویش ناک امر یہ ہے کہ ان کی ہسپتال منتقلی کے بارے میں اہلِ خانہ کے کسی فرد کو اطلاع نہیں دی گئی۔
اگر یہ اطلاعات درست ہیں تو یہ طرزِ عمل انسانی ہمدردی، شفافیت اور زیرِ حراست افراد کے بنیادی حقوق کے تقاضوں کے سراسر منافی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ 70 سالہ نورین نیازی کی مبینہ غیر قانونی نظر بندی، ان کی صحت کو لاحق خطرات اور اہلِ خانہ کو اعتماد میں لیے بغیر ہسپتال منتقلی انتہائی سنجیدہ معاملات ہیں، جن پر حکومت پنجاب اور متعلقہ حکام کو فوری وضاحت پیش کرنی چاہیے۔
بیان میں کہا گیا کہ نورین نیازی کو ماہر امراضِ قلب کی نگرانی میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، تمام ضروری تشخیصی ٹیسٹ اور علاج بلا تاخیر یقینی بنایا جائے اور ان کی صحت سے متعلق مستند معلومات فوری طور پر اہلِ خانہ کے ساتھ شیئر کی جائیں۔
اہلِ خانہ کو ان سے ملاقات اور ان کی خیریت دریافت کرنے کی اجازت بھی دی جائے۔
پاکستان تحریک انصاف نے واضح کیا کہ سیاسی اختلافات اور انتقامی کارروائیوں کی بنیاد پر کسی شہری، بالخصوص معمر خواتین، کی صحت، زندگی اور بنیادی حقوق کو خطرے میں ڈالنے کی کوئی گنجائش نہیں۔ ریاست کی ذمہ داری زیرِ حراست افراد کی جان اور صحت کا تحفظ کرنا ہے، نہ کہ ان کے اہلِ خانہ کو بے خبری، پریشانی اور ذہنی اذیت میں مبتلا رکھنا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کی ہمشیرہ سمیت دیگر زیرِ حراست بے گناہ خواتین کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر پاکستان تحریک انصاف کو شدید تحفظات ہیں۔ خواتین کی عزت و حرمت، انسانی وقار اور آئینی حقوق کا احترام ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔ سیاسی وابستگی کو جرم بنانا اور خواتین کو سیاسی دباؤ کے لیے زیرِ حراست رکھنا کسی بھی مہذب اور جمہوری معاشرے میں قابلِ قبول نہیں۔
پاکستان تحریک انصاف حکومت پنجاب اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ نورین نیازی کی موجودہ طبی حالت، تشخیص اور علاج سے متعلق مکمل تفصیلات فوری طور پر اہلِ خانہ کو فراہم کی جائیں، ان کی مناسب طبی دیکھ بھال یقینی بنائی جائے، اہلِ خانہ کو ملاقات کی اجازت دی جائے اور ان کی مبینہ غیر قانونی نظر بندی سمیت دیگر بے گناہ خواتین کی غیر ضروری حراست فوری ختم کرکے انہیں رہا کیا جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ حکومت اور متعلقہ حکام یاد رکھیں کہ انسانی جان، صحت اور بنیادی آئینی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ کسی معمر خاتون کی صحت کو سیاسی کشمکش کی نذر کرنا اور اس کے اہلِ خانہ کو بنیادی معلومات سے محروم رکھنا انتہائی غیر انسانی رویہ ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے عوام، کارکنان اور تمام اہلِ وطن سے نورین نیازی کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل بھی کی۔
