ایران سے ایل پی جی کی ترسیل بحال، دو روز میں قیمت میں30سی40روپے کمی

سپلائی مکمل بحال نہ ہوئی تو موسم سرما میں قیمت ایک ہزار روپے کلو تک پہنچ سکتی ہے، ایسوسی ایشن


لاہور(قدرت روزنامہ) ایران سے ایل پی جی کی ترسیل عارضی طور پر بحال ہونے کے بعد دو روز میں فی کلو قیمت میں30 سے 40 روپے کمی دیکھی گئی ہے اور مزید کمی کا بھی امکان ہے۔ایل پی جی ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن کے مطابق ایران سے ایل پی جی ترسیل عارضی طور پر بحال ہوگئی ہے تاہم موسم سرما میں ایل پی جی کے بحران کا خطرہ تاحال منڈلا رہا ہے۔
16 اکتوبر سے قبل لوڈ ہوکر پاک،ایران بارڈر پہنچنے والے ایل پی جی پارسلز کو پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ہے، 16 اکتوبر تک جو بائوزرز ایرانی ریفائنریز سے لوڈ ہوچکے تھے صرف ان کو ہی سرحد پار داخلے کی اجازت ملی ہے۔،لوڈ ہونے والی ایل پی جی کی مقدار 8 سے 9 ہزار ٹن ہے، یہ مقدار صرف تین روز کی ضرورت پوری کرے گی، ایران سے عارضی سپلائی سے ایل پی جی کا بحران حل نہیں ہوگا۔
ایسوسی ایشن کے مطابق قیمت میں دو روز میں 30 سے 40 روپے کلو کمی واقع ہوئی ہے اورآئندہ دو سے تین روز میں مزید 30 روپے کلو کمی متوقع ہے۔ایران سے ایل پی جی کی درآمد پر 6 ماہ کے لیے ای آئی ایف چھوٹ کی تجویز وفاقی حکومت کو پیش کردی گئی ہے۔وزیر اعظم کے مشیر کو ممکنہ صورتحال سے گاہ کردیا ہے کہ موسم سرما کی کھپت پوری کرنے کے لیے پرانے مکینزم کی چھوٹ 6 ماہ تک بحال کی جائے۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ اگر ایران سے ایل پی جی کی سپلائی مکمل بحال نہ ہوئی تو موسم سرما میں ریٹ ایک ہزار روپے کلو تک پہنچ سکتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert