وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کا ضلع کیچ کے علاقے میناز، بولیدہ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اظہارِ اطمینان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے ضلع کیچ کے علاقے میناز، بولیدہ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں امن دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائیاں صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی اداروں کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گرد عناصر صوبے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز ان کے عزائم ناکام بنانے کے لیے بھرپور انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے انجام دے رہے ہیں۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی کوششوں کی بھرپور حمایت جاری رکھی جائے گی۔
