جے یو آئی والے گورنر راج سے پہلے کہتے تھے ہماری ان سے جان چھڑوائیں، محسن نقوی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سینیٹ میں مولانا فضل الرحمان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کل مولانا فضل الرحمان نے غلط کہا کہ ہم دفاعی معاہدے کیلئے ایران گئے تھے، ان کا احترام کرتے تھے، لیکن کل جب انہوں نے کہا کہ ریاست پر تھوکتے ہیں تو انہوں نے احترام کی گنجائش نہیں چھوڑی۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ کچھ چیزیں کسی سیاستدان کو زیب نہیں دیتیں، ذاتی طور پر مولانا فضل الرحمان کا احترام کرتا تھا، کل انہوں نے جب کہا کہ میں ریاست پر تھوکتا ہوں، جب تک ریاست سے مال ملتا رہے ریاست ٹھیک ہے، جب نہ ملے تو ریاست پر تھوک دو۔
محسن نقوی نے کہا کہ ان کیلئے ریاست اس دن تک ماں ہوتی ہے جب تک مال ملے، جب حکومت میں حصہ نہ ملے تو ریاست پر تھوک دو، اب آپ کو ریاست سے نوکری نہیں ملنی، پیسے نہیں ملنے،ٹکٹ نہیں ملنے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تنقید کرتے ہیں تو جواب سننے کی ہمت بھی رکھیں، مولانا فضل الرحمان نے احترام کی گنجائش نہیں چھوڑی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے ایوان میں شور شرابا بھی کیا، جس پر محسن نقوی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کامران صاحب آپ کو سننا پڑے گا، میں ذاتی معاملے کی بات نہیں کر رہا، زبان تو کل آپ نے استعمال کی ہے ، آپ ان سے صرف یہ پوچھیں یہ اسلام کو بزنس کیلئے استعمال کرتے ہیں، یہ ہر اس چیز کے لیے اسلام کو استعمال کرتے ہیں جس میں ان کا ذاتی فائدہ ہو، یہی لوگ ہمیں آ کر کہتے تھے کہ گورنر رول لگائیں، ہماری جان چھڑوائیں۔
