میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ میں جدید اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کا فوری نفاذ، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کی زیر صدارت اہم اجلاس
دفاتر میں ای فائلنگ اور بائیو میٹرک حاضری کا آغاز کیا جائے، جدید ٹیکنالوجی سے شفافیت اور سروس ڈیلیوری بہتر ہوگی

کارپوریشن کو فعال، شفاف اور عوام دوست ادارہ بنا کر شہریوں کو معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، چیف سیکرٹری بلوچستان
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے امور سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کی کارکردگی مزید بہتر بنانے، شفافیت کو فروغ دینے اور عوامی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جامع اصلاحاتی منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کارپوریشن کے انتظامی و مالی امور، موجودہ نظام اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈیجیٹائزیشن کے نظام کا فوری نفاذ، تمام دفاتر میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے اور ای فائلنگ سسٹم لاگو کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے حکومتی امور میں سہولت، رفتار اور شفافیت پیدا کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کارپوریشن میں بائیو میٹرک اور فیشل ریکگنیشن سسٹم پر عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حاضری اور عملی کارکردگی کی نگرانی کو قابلِ اعتماد بنایا جائے تاکہ ادارے کے وسائل کا بہترین استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے عمارتوں کے نقشہ جات کی منظوری کے نظام میں بہتری کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کو ایک فعال، شفاف اور عوام دوست ادارے کے طور پر مضبوط بنایا جائے گا، تاکہ شہریوں کو بروقت اور معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔ چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اصلاحاتی اقدامات کی عملی نگرانی کی جائے اور پیش رفت کی باقاعدہ رپورٹ پیش کی جائے۔
