قرضوں تک رسائی آسان بنانے کیلیے ڈجیٹل پلیٹ فارم متعارف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسٹیٹ پاکستان نے ڈجیٹل پلیٹ فارم ایس ایم ای کنیکٹ متعارف کروا دیا، جس کے ذریعے چھوٹے اور درمیانے درجے کی انٹر پرائز (ایس ایم ایز) کی قرضوں تک رسائی کو آسان بنایا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ پلیٹ فارم اس لنک https://smeconnect.sbp.org.pk پر دستیاب ہے، جو ایس ایم ایز کی جانب سے بینکوں/ترقیاتی مالی اداروں (ڈی ایف آئیز) کے پاس قرضوں کی درخواستیں دینے کے ایک سنگل ڈجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ ایس ایم ای کنیکٹ سے درخواست دینے کے پروسیس میں بہتری آئے گی، جبکہ ایس ایم ای فنانسنگ تک رسائی، اس کی کار کردگی اور شفافیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ ایس ایم ای کنیکٹ نہ صرف قرض کی درخواست دینے کے عمل کو آسان بنائے گا بلکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی انٹر پرائزز کے درخواست دہندگان کو اپنی درخواستوں کا مرحلہ بروقت جاننے کے قابل بھی بنائے گا، اور درخواست مسترد ہونے کی صورت میں درخواست دہندگان مسترد کیے جانے کی وجوہات سے بھی آگاہی حاصل کر سکیں گے۔
اسی طرح، اس کا لائیو ڈیش بورڈ اسٹیٹ بینک کو ایس ایم ای قرضوں کی درخواستوں اور ان کے مرحلے کے بارے میں مکمل واضح معلومات دے گا۔ یہ ڈیش بورڈ موصول شدہ، پروسیس شده، منظور شدہ، دیے گئے قرضوں اور مسترد شدہ درخواستوں کا ڈیٹا انفرادی بینک / ترقیاتی مالی ادارے اور پوری صنعت کی بنیاد پر بروقت فراہم کرے گا۔
یکم نومبر 2026 سے تمام ایس ایم ای قرضوں کی درخواستیں صرف ایس ایم ای کنیکٹ کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔ بینکوں / ڈی ایف آئیز کی شاخوں یا ان کی ویب سائٹوں پر قرضوں کی درخواستیں دینے والوں کو ایس ایم ای کنیکٹ سے رجوع کرنے کیلیے کہا جائے گا۔
