پی ٹی اے نے غیرفعال اورمنسوخ سمز پر رجسٹرڈ واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک کرنا شروع کردیئے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پی ٹی اے نے غیرفعال اورمنسوخ سمز پر رجسٹرڈ واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک کرنا شروع کردیئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق منسوخ شدہ موبائل نمبرز مقررہ طریقہ کار کے تحت کسی دوسرے صارف کو جاری کیے جاسکتے ہیں، ایسی صورت میں پرانے نمبر کے مالک کے واٹس ایپ اکاؤنٹ کے غلط استعمال کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔
پی ٹی اے کے اقدام کا مقصد صارفین کے اکاؤنٹس کو ممکنہ غلط استعمال اور غیر مجاز رسائی سے محفوظ رکھنا ہے۔ پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس ایسے موبائل نمبروں سے منسلک رکھیں جو فعال ہوں اور ان کے زیرِ استعمال ہوں۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق کارروائی صارفین کو آگاہی مہم کے ذریعے خبردار کرنے کے بعد شروع کی گئی ہے۔
اتھارٹی نے پہلے ہی صارفین کو ہدایت کی تھی کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس ایسے موبائل نمبروں سے منسلک رکھیں جو فعال ہوں اور ان کے اپنے استعمال میں ہوں، تاکہ انہیں اکاؤنٹس تک رسائی برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ غیر فعال یا منسوخ شدہ موبائل نمبرز ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے مقررہ طریقہ کار کے تحت کسی دوسرے صارف کو جاری کیے جاسکتے ہیں۔
ایسی صورت میں پرانے نمبر کے مالک کے واٹس ایپ اکاؤنٹ کے غلط استعمال یا اس تک غیر مجاز رسائی کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔
ترجمان پی ٹی اے کی جانب سے صارفین کو ہدایت کی گئی ہےکہ وہ اپنی موبائل سمز کی فعالیت کی تصدیق کریں، اپنا موبائل نمبر تبدیل کرنے کی صورت میں واٹس ایپ پر بھی نیا نمبر اپ ڈیٹ کریں۔ صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس صرف ایسے موبائل نمبرز پر رجسٹرڈ رکھیں جو ان کے استعمال میں ہوں۔
