مسخرہ صفت اور عوامی تائید سے محروم وزراء اپنی نااہلی چھپانے کیلئے قائد جمعیت پر کیچڑ اچھال رہے ہیں: مولانا عبدالواسع

حکومت مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی، غیر شائستہ زبان سے حکمرانوں کی گرتی ساکھ نہیں بچے گی: جے یو آئی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر علما کرام، قبائلی عمائدین اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے سنجیدہ، مدلل اور قومی مفاد پر مبنی سیاسی مقف پر غور کرنے اور ان کی تجاویز کا حقیقت پسندانہ جواب دینے کے بجائے بعض مسخرہ صفت اور عوامی تائید سے محروم وزرا کی جانب سے کردار کشی، ذاتی حملوں اور غیر سنجیدہ بیانات کا سہارا لینا اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ دلیل اور سیاسی بصیرت کا مقابلہ کرنے کے بجائے مخالفین کو ذاتی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایسی روش سے نہ صرف متعلقہ وزرا کی سیاسی تربیت اور سنجیدگی بے نقاب ہوتی ہے بلکہ ان کے پیچھے موجود پشتی بانوں کی سنجیدگی، وقار اور عزت پر بھی سوالیہ نشان کھڑے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ملک کے ایک مدبر سیاسی رہنما ہیں، جنہوں نے ہمیشہ آئین، پارلیمان، جمہوری اقدار، عوامی حقوق اور ملکی خودمختاری کی بات کی ہے۔ ان کے مقف کو ذاتی حملوں سے دبایا نہیں جا سکتا، کیونکہ سیاسی اختلاف کا جواب دلیل، کردار اور کارکردگی سے دیا جاتا ہے، گالم گلوچ، الزام تراشی اور جھوٹے پروپیگنڈے سے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ کو ڈھٹائی سے دہرانے والے بہت جلد اپنی حقیقت سے دوچار ہوں گے اور انہیں عوام کے سامنے جواب دینا پڑے گا۔ ہمارے دروازوں پر سجدہ ریز ہونے کی باتیں کرنے والوں کو یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ بغیر وضو کے سجدے بھی کام نہیں آئیں گے۔ سیاست میں عزت اور وقار کا راستہ سچائی، اصول پسندی اور عوامی خدمت سے ہو کر گزرتا ہے۔ اقتدار کی مجبوریوں میں مخالفین پر الزامات لگانے سے نہ عوامی مسائل حل ہوں گے اور نہ ہی حکمرانوں کی ساکھ بحال ہو سکے گی۔ اس موقع پر جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ نے کہا کہ جمعیت علما اسلام کی قیادت اور کارکنوں نے ہمیشہ آئینی، جمہوری اور پرامن جدوجہد کے ذریعے عوام کے حقوق کی ترجمانی کی ہے۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کا مقف حقائق، قومی مفاد اور عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے۔ حکمران جماعت کے وزرا اپنی کارکردگی کا دفاع کرنے کے بجائے جمعیت کی قیادت کے خلاف غیر شائستہ زبان استعمال کرکے اپنی سیاسی کمزوریوں پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر کے عوام مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہیں۔ وزرا کو چاہیے کہ وہ سیاسی مخالفین کی کردار کشی کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں۔ جمعیت علما اسلام اصولی سیاست، آئین کی بالادستی، پارلیمان کے احترام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور کسی دبا، الزام تراشی یا پروپیگنڈے سے اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert