فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سنگاپور کے وزیر خارجہ کی اہم ملاقات، باہمی تعاون پر تبادلہ خیال

راولپنڈی (قدرت روزنامہ)چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوان بالا کرشنن نے اہم ترین ملاقات کی ہے، جس میں علاقائی امن اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کی جانب سے ملاقات کے جاری اعلامیے کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوان بالا کرشنن نےجمعہ کو راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا۔
جہاں انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف اینڈ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ترین ملاقات کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی۔
اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف راستوں اور اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
فریقین نے علاقائی امن اور استحکام پر اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مسلسل روابط کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں کا اس بات پر اتفاق تھا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے قریبی اشتراکِ کار اور باقاعدہ بات چیت انتہائی ضروری ہے۔
آرمی چیف کا ادارہ جاتی روابط پر زور
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سنگاپور کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی امن، استحکام اور سیکیورٹی کے فروغ کے لیے بہتر ادارہ جاتی روابط اور تعمیری مصروفیات ناگزیر ہیں۔
سنگاپور کے وزیر خارجہ کی جانب سے پاک فوج کی تعریف
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے اس عزم کا بھرپور خیرمقدم کیا۔
انہوں نے پاکستان مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی گراں قدر خدمات کا اعتراف کیا۔
