فیلڈ مارشل عاصم منیر امتِ مسلمہ کے لیے امید کی کرن، افواجِ پاکستان بڑی طاقت ہیں، سعودی اسکالر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلامی یونیورسٹی کے قائم مقام ریکٹر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے فیصل مسجد میں نمازِ جمعہ کے خطبے کے دوران کہا کہ افواجِ پاکستان اُمتِ مسلمہ کی بڑی طاقت ہیں۔
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے قائم مقام ریکٹر و صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) جنرل سید عاصم منیر پوری امتِ مسلمہ کے لیے امید کی کرن ہیں۔
واضح رہے کہ فیصل مسجد مملکتِ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے تحفہ اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی قائم مقام گورنر مکہ ریجن سے ملاقات، پاک سعودی تعلقات کے فروغ اور کرکٹ تعاون پر تبادلہ خیال
دونوں ممالک کی قیادت کے وژن اور جذبے اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اغراض و مقاصد کے مطابق اسلامی یونیورسٹی اس عظیم الشان یادگار کی نگہبان ہے۔
قائم مقام ریکٹر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نےفیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ہر میدان میں پاک افواج کی مضبوطی اور کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
انہوں نے اپنے خطبے میں کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان امتِ مسلمہ کی بڑی طاقت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امتِ مسلمہ کو آج جتنے سفاک دشمن کا سامنا ہے، اتنا پہلے کبھی نہیں تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ کی مدد کے بعد امت کی اصل طاقت اس کا اتحاد ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں ایک مضبوط پل کی حیثیت کے طور پر سمجھا جاتا ہے۔
اسلامی یونیورسٹی کے قائم مقام ریکٹر کی حیثیت سے انہوں نے تعلیم کے شعبے میں پاک سعودی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مسلسل کام کیا ہے۔
ان کی کوششوں سے یونیورسٹی کو خصوصی گرانٹس ملی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے مملکتِ سعودی عرب سے اسلامی یونیورسٹی کے لیے ساڑھے 14 کروڑ روپے کی ایک اور گرانٹ حاصل کی ہے۔
اپنے خطبے میں انہوں نے خبردار کیا کہ امت گہرے اختلافات اور شدید تفرقے کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمنوں نے امت کے جسم میں اپنے دانت گاڑھ رکھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد کی پہلے سے آج کہیں زیادہ ضرورت ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ اللہ سے ڈریں اور گھر، گلی اور کام کی جگہ پر اپنے اندر اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید کے مطابق امت ایک ہے اور اسے صرف اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنی چاہیے۔
قائم مقام ریکٹر نے کہا کہ دیگر قومیں اپنے جغرافیے، نسب، نسل یا قبیلے پر فخر کرتی ہیں، جبکہ اسلام اپنے پیروکاروں کو کلمے کے ذریعے متحد کرتا ہے۔
اتحاد کی پُرزور اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلمہ مومن کو اس کے خالق، نبی کریم ﷺ اور اس کے دینی بھائیوں سے جوڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی شخص اس وقت تک سچا مومن نہیں ہو سکتا جب تک وہ اپنے بھائی کے لیے وہی پسند نہ کرے جو اپنے لیے پسند کرتا ہے۔
انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں اور باہمی جھگڑوں سے بچیں۔
