بلوچستان میں محکمہ صحت میں پہلی بار مصنوعی ذہانت پر مبنی حاضری کا نظام متعارف، مزید 72 ڈاکٹرز ملازمت سے برطرف

غیر حاضری پر برطرف ملازمین کی تعداد 200 ہوگئی، 11 ہزار ملازمین سے وضاحت طلب، 800 کے خلاف محکمانہ کارروائی جاری ہے، سرکاری ملازمین کو گھر بیٹھ کر تنخواہ لینے کی اجازت نہیں دیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں پہلی بار محکمہ صحت میں مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) پر مبنی حاضری کا نظام متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کا مقصد سرکاری ہسپتالوں اور صحت کے مراکز میں عملے کی حاضری یقینی بنانا اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق مسلسل غیر حاضر رہنے والے مزید 72 ڈاکٹرز کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے، جس کے بعد محکمہ صحت میں غیر حاضری کی بنیاد پر ملازمت سے برطرف کیے جانے والے ملازمین کی مجموعی تعداد 200 ہوگئی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ حاضری اور نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں پر اب تک سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے 41 کروڑ روپے کی کٹوتی کی جا چکی ہے، جبکہ غیر حاضری اور فرائض سے غفلت برتنے پر 11 ہزار ملازمین سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔


انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں مزید 800 سرکاری ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی جاری ہے اور کسی بھی ملازم کو فرائض سے غفلت برتنے یا غیر حاضر رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سرکاری ملازمین عوام کے خادم ہیں اور انہیں اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری، محنت اور پابندی کے ساتھ ادا کرنا ہوں گی۔ حکومت کسی بھی سرکاری ملازم کو گھر بیٹھ کر تنخواہ وصول کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت میں غفلت اور غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، سرکاری اداروں میں نظم و ضبط قائم کرنے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے احتساب کا عمل بلاامتیاز جاری رکھا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert