حکومت کا 9 نومبر کو یومِ اقبال کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے یومِ ولادت کے موقع پر 9 نومبر 2026ء کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے پیر کو جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق 9 نومبر بروز پیر ملک بھر میں یومِ اقبال کے سلسلے میں عام تعطیل ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ تعطیل کابینہ ڈویژن کی جانب سے 19 جنوری 2026ء کو جاری کردہ سالانہ تعطیلات کے سرکلر کے تحت دی گئی ہے۔ تمام وزارتوں اور سرکاری محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نوٹیفکیشن پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
عام تعطیل کے باعث ملک بھر میں سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اور دیگر سرکاری ادارے بند رہیں گے۔
بعض ملازمین کو مسلسل تین چھٹیاں ملیں گی
9 نومبر کو پیر کا روز ہونے کے باعث ایسے سرکاری و نجی ملازمین اور تعلیمی اداروں کو مسلسل تین تعطیلات ملیں گی جہاں ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار چھٹی ہوتی ہے۔
اس طرح ایسے ملازمین 7 نومبر سے 9 نومبر تک مسلسل تین روز چھٹی سے لطف اندوز ہوں گے، جبکہ معمول کی دفتری اور تعلیمی سرگرمیاں منگل 10 نومبر سے دوبارہ شروع ہونے کی توقع ہے۔
