بلوچستان کے مسائل کا حل بندوق نہیں، مکالمہ، تعلیم اور جمہوری عمل ہے، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی
بلوچستان کو اس وقت تین بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، تشدد کو محرومی اور پسماندگی سے جوڑ کر اس کا جواز پیش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، مسلح تشدد کسی سیاسی یا نظریاتی مؤقف کا جواز نہیں بن سکتا، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے کانووکیشن سے خطاب

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کو اس وقت تین بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں مسلح تشدد، سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کی ذہن سازی اور گمراہ کن بیانیے کا پھیلاؤ شامل ہیں۔ تشدد کو محرومی اور پسماندگی سے جوڑ کر اس کا جواز پیش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، تاہم مسلح تشدد کسی سیاسی یا نظریاتی مؤقف کا جواز نہیں بن سکتا۔
یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل بندوق نہیں بلکہ مکالمہ، تعلیم اور جمہوری عمل ہے۔ مسلح جتھوں کی جانب سے لوگوں کو قتل کرنا اور معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانا ایک سنگین چیلنج ہے، جس کا مقابلہ کرنا ضروری ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کی ذہن سازی اور انہیں گمراہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ نوجوانوں میں یہ صلاحیت پیدا کرنا ہوگی کہ وہ حقائق اور پروپیگنڈے کے درمیان فرق سمجھ سکیں۔ جامعات اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں اور نوجوانوں میں شعور، دلیل اور تنقیدی سوچ کو فروغ دے سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات کو سمجھنے کے لیے گمراہ کن بیانیے کے بجائے حقائق کو سامنے رکھنا ضروری ہے۔ صوبے کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے بلوچستان کے طلبہ کو اسکالرشپس فراہم کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی جامعات کی جانب سے بلوچستان کے طلبہ کی معاونت بین الصوبائی ہم آہنگی کی ایک مثبت مثال ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت بلوچستان 80 فیصد سے زائد طلبہ کو 80 فیصد اسکالرشپ پر تعلیم فراہم کررہی ہے۔ نوجوانوں کی تعلیم اور استعداد کار میں سرمایہ کاری درحقیقت بلوچستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تعلیم نوجوانوں کو انتہا پسندی، تشدد اور گمراہ کن نظریات سے محفوظ رکھنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں اور معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔
گریجویٹس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ گریجویشن اختتام نہیں بلکہ عملی زندگی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ عملی زندگی میں کامیابی کے لیے محنت، دیانت داری اور مستقل مزاجی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ آسمان کی بلندیوں کو اپنا ہدف بنائیں اور کامیابی کے حصول کے لیے مسلسل محنت کریں۔
