یہ سارا ڈرامہ اس ٹک ٹاکر نے مزید کمائی کیلئے کیا، خواجہ آصف کا مسٹر پتلو پر الزام

سیالکوٹ (قدرت روزنامہ) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ڈسکہ سیالکوٹ میں ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران مچنے والی بھگدڑ اور دو شہریوں کی ہلاکت کے واقعے پر شدید غصے اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے لگام سوشل میڈیا معاشرے اور ریاست کے لیے زہرِ قاتل ثابت ہو رہا ہے اور اس کا فوری و سخت احتساب ہونا چاہیئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں خواجہ محمد آصف نے واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کل ڈسکہ میں ہونے والے واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، جہاں مسٹر پتلو کے نام سے معروف ٹک ٹاکر نے اپنی شادی کی تقریب میں بھاری کیش، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سمیت دیگر قیمتی انعامات کا اعلانیہ ڈرامہ رچا کر عوام کا جمِ غفیر اکٹھا کرلیا۔
کل ڈسکہ میں ھونے والے واقعہ کی جتنی مذمت کی جاۓ کم ھے۔ایک ٹک ٹاکر جس کو پتلو کے نام سے پکارا جاتا ھے اپنے شادی کی تقریب پہ قیمتی انعامات اناؤنس کرکے جسمیں بھاری کیش بھی شامل ھے پبلک کو اکٹھا کر لیا ۔ یہ سارا ڈرامہ اس ٹک ٹاکر نے مزید کمائی کے لئے کیا ۔ انعامات اس کی انویسٹمنٹ تھی اور کمائی سوشل میڈیا سے۔علاقہ کے غریب عوام کی غربت کا مذاق بنایا گیااور ایک بڑے ھجوم میں بھگدڑ میں دو انسانی جانیں گئیں اور درجنوں لوگ زخمی ھوئے۔ ٹک ٹاکر مفرور ھے اور اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے قانون کو بے اثر بنا رہا ھے۔
بے لگام سوشل میڈیا معاشرے اور ریاست کے لئے زہر قاتل ثابت ھو سکتا اسکا احتساب ھونا چاہئیے۔
یہ ٹک ٹاکر کروڑوں نہیں اربوں کما رہے ھیں کیا ٹیکس قوانین انُ کو ریگولیٹ کر رہی ھیں؟— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) November 1, 2026
انہوں نے ٹک ٹاکر پر سوالات اٹھاتے ہوئے لکھا کہ یہ تمام تر تماشہ اور ڈرامہ اس ٹک ٹاکر نے محض اپنی مزید کمائی اور ویوز حاصل کرنے کے لیے رچایا تھا، یہ انعامات دراصل اس ٹک ٹاکر کی کاروباری انویسٹمنٹ یعنی سرمایہ کاری تھی جب کہ اس کا مقصد سوشل میڈیا کے ذریعے اربوں روپے کمانا تھا، اس میں علاقے کی غریب عوام کی معاشی بدحالی اور غربت کا بے دردی سے مذاق اڑایا گیا، جس کے نتیجے میں خوفناک بھگدڑ مچی اور دو قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو گئیں جبکہ درجنوں بے گناہ شہری زخمی ہو گئے۔
وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ سانحے کا ذمہ دار ٹک ٹاکر اس وقت مفرور ہے اور اپنا سیاسی و مالی اثر و رسوخ استعمال کرکے قانون کو بے اثر بنانے اور گرفتاری سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے، اگر بے لگام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ان کے کرداروں کو لگام نہ دی گئی تو یہ ملک کے سماجی تانے بانے کے لیے انتہائی خطرناک اور تباہ کن ثابت ہوگا، یہ ٹک ٹاکرز کروڑوں نہیں بلکہ اربوں روپے کما رہے ہیں لیکن کیا ملک کے مروجہ ٹیکس قوانین اور ایف بی آر ان کی اس بے تحاشہ کمائی کو ریگولیٹ کر رہے ہیں یا نہیں؟۔
