مسلم لیگ ن پنجاب میں نئے صوبے بنانے پر رضامند ہوچکی ہے، سہیل وڑائچ کا دعویٰ
نئے صوبوں کی قانون سازی میں بھرپور تائید و تعاون کیلئے تیار ہے، شرط ی ہے کہ نئے صوبے 2029ء کے انتخابات کے بعد وجود میں لائے جائیں، یہ 2 مہینے اور اگلے سال کے پہلے 3 ماہ معنی خیز ہوں گے؛ تجزیہ کار کا کالم

لاہور(قدرت روزنامہ)سینئر صحافی اور تجزیہ کار سہیل وڑائچ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن پنجاب میں نئے صوبے بنانے پر رضامند ہوچکی ہے، نئے صوبوں کی قانون سازی میں بھرپور تائید و تعاون کیلئے تیار ہے، شرط ی ہے کہ نئے صوبے 2029ء کے انتخابات کے بعد وجود میں لائے جائیں گے، اب یہ 2 مہینے اور اگلے سال کے پہلے 3 ماہ انتہائی معنی خیز ہوں گے، ان 5 ماہ کے سیاسی رویے مستقبل کی سیاست، 2029ء کے الیکشن، ممکنہ قومی یا نگران حکومت اور آئندہ کے حکمرانوں کا فیصلہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے تازہ ترین کالم میں انہوں نے ملک میں نئے انتظامی صوبوں کی تشکیل، اس پر سیاسی جماعتوں کے مابین پس پردہ ہونے والی مفاہمتوں اور آئینی قانون سازی کے حوالے سے انتہائی اہم انکشافات کیے اور لکھا ہے کہ مسلم لیگ ن نے بعض تحفظات کے باوجود مقتدرہ کے اس فیصلے سے اتفاق کرلیا ہے کہ ملک بالخصوص پنجاب میں نئے انتظامی صوبے بنائے جائیں البتہ اس کی بنیادی شرط یہ رکھی گئی ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کی یہ تمام قانونی کارروائی اور عمل 2029ء کے عام انتخابات کے بعد عمل میں لایا جائے گا۔
نون پنجاب میں نئے صوبے بنانے پر رضامند ہوچکی ہے اور وہ نئے صوبوں کی قانون سازی میں بھرپور تائید و تعاون کیلئے تیار ہے۔ شرط یہ رکھی گئی ہے کہ نئے صوبے 2029ء کے انتخابات کے بعد وجود میں لائے جائینگے۔ پنجاب کے اندر نئے صوبوں کی تعداد کے بارے میں حتمی فیصلہ تو نہیں ہوا مگر پنجاب کو چار صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز اعلیٰ حلقوں میں زیادہ مقبول ہے۔ پیپلز پارٹی کو پنجاب کے اندر صوبے بنانے پر کوئی اعتراض نہیں بلکہ پیپلز پارٹی ، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف توپہلے ہی جنوبی پنجاب اور وسطی پنجاب کی الگ الگ صوبائی تنظیمیں تشکیل دیکر نئے صوبوں کو عملاً تسلیم کرچکی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے سندھ کی تقسیم کے حوالے سے شدید اعتراضات اور تحفظات تاحال موجود ہیں۔ بلاول بھٹو ان اعتراضات اور تحفظات کا برملا اظہار بھی کرچکے ہیں اور ان کے فل اسٹاپ والے بیان میں بھی مسرت کی جھلک اس بات پر ہے کہ یہ منصوبہ ختم ہوچکا۔ مگر پیپلز پارٹی کے بعض رہنما مقتدرہ سے اس معاملے پر لڑائی کی بجائے کوئی درمیانی راہ نکالنا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے تجویز یہ دی گئی ہے کہ اسلام آباد، گوادر اور کراچی کو وفاقی علاقہ قرار دیا جائے اور بھارت کے شہر چندی گڑھ کی طرح کراچی میں سندھ کا دارالحکومت بھی قائم رہے۔
https://t.co/hgarhX7060— Suhail Warraich (@suhailswarraich) November 2, 2026
سہیل وڑائچ نے اپنے تجزیے میں لکھا کہ اس ڈیڈ لائن کے پیچھے ن لیگ کی یہ سوچی سمجھی سیاسی حکمت عملی ہے کہ اگلے دو سے ڈھائی سالوں کے دوران پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نوازشریف اپنے ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کے ذریعے صوبے بھر میں اتنی مضبوط گڈ ول اور سیاسی ساکھ بنالیں گی کہ جب پنجاب کو چار نئے صوبوں میں تقسیم کیا جائے گا، تو ان میں سے اکثر نئے صوبائی یونٹس میں مسلم لیگ ن ہی کی حکومتیں قائم ہوں گی، اس منصوبے کے تحت پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کی تجویز اعلیٰ ترین حلقوں میں سب سے زیادہ وزن رکھتی ہے۔
سینئر صحافی نے کالم میں دیگر سیاسی جماعتوں کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی تقسیم کے حوالے سے شدید تذبذب اور تحفظات کا شکار ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اس تقسیم پر کھل کر اپنے خدشات کا اظہار کر چکے ہیں اور اس منصوبے کے خاتمے پر خوشی بھی جتا چکے ہیں، تاہم پارٹی کے بعض رہنماؤں کی طرف سے یہ درمیانی راستہ تجویز کیا گیا ہے کہ کراچی، اسلام آباد اور گوادر کو وفاقی علاقے بنا دیا جائے اور بھارتی پنجاب کے شہر چندی گڑھ کی طرز پر کراچی کو تقسیم کے بعد بھی سندھ کے دونوں حصوں کا مشترکہ دارالحکومت برقرار رکھا جائے۔
سہیل وڑائچ لکھتے ہیں کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نئے صوبوں کی تشکیل پر مکمل اتفاق کر چکے ہیں، خیبرپختونخواہ میں گورنر راج اور ہنگامی صورتحال کے پیش نظر جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان فی الحال اس وقت کو نئے صوبوں کے لیے موزوں نہیں سمجھ رہے، اگرچہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی قیادت نئے صوبوں کے معاملے پر حکومت کا ساتھ دے کر اپنے بانی اور پارٹی کے لیے کچھ قانونی یا سیاسی رعایتیں حاصل کرنے کی حامی ہے، تاہم بانی پی ٹی آئی کی مرضی کے بغیر کسی بھی مفاہمت کا امکان انتہائی معدوم ہے، اگر مفاہمت کا کوئی دروازہ کھل بھی سکتا ہے تو وہ بشریٰ بی بی کے ذریعے ہی ممکن ہو سکتا ہے۔
