بیرسٹر سلمان صفدر کی عمران خان سے 7 اور بشریٰ بی بی سے 11 ماہ بعد اڈیالہ جیل میں ملاقات، صحت اور جیل کے حالات سے آگاہ کیا: سینئر قانون دان


راولپنڈی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل حکام نے طویل عرصے اور بار بار کی درخواستوں کے بعد آج عمران خان اور بشریٰ بی بی سے محض 40 منٹ کی ملاقات کروائی، جو درجنوں زیرِ التواء مقدمات اور قانونی امور پر مشاورت کے لیے قطعی ناکافی تھی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں بیرسٹر سلمان صفدر نے انکشاف کیا کہ آج سہ پہر ساڑھے 4 بجے اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے ملاقات کی سہولت فراہم کی، جس کے نتیجے میں مسلسل درخواستوں اور قانونی کوششوں کے بعد بالآخر 7 ماہ بعد عمران خان اور 11 ماہ کے طویل عرصے بعد بشریٰ بی بی سے ان کا سامنا ممکن ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات کا مختصر دورانیہ تمام کیسز اور پیچیدہ قانونی معاملات کے احاطے کے لیے بالکل ناکافی تھا۔ بیرسٹر سلمان صفدر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں نے اپنی صحت کی کیفیت اور جیل میں درپیش رہائشی حالات و ماحول کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور چند مخصوص مقدمات و اہم قانونی معاملات کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کیں۔ دوسری جانب قانونی و جمہوری حلقوں نے اتنے طویل عرصے تک وکلاء کو قیدیوں سے دور رکھنے اور پھر محض چند منٹوں پر مشتمل ملاقات کی اجازت دینے کے حکومتی رویے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے شفاف ٹرائل کے آئینی تقاضوں اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert