مغرب میں بیٹھے مسلم رہنما ٹرمپ کو جواب دے سکتے ہیں تو مسلم حکمران کیوں خاموش ہیں؟ حامد میر کا سوال

یہ بڑے بڑے حکمران اور کچھ نہیں کرسکتے تو ان میں سے کوئی امریکی مصنف مائیکل ہارٹ کی کتاب کا تحفہ ہی ٹرمپ کو دیدے جس میں حضرت محمد ﷺ کو نمبر ون قرار دیا گیا؛ سینئر صحافی کا وی لاگ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے عالمی سیاست اور مسلم دنیا کے حکمرانوں کی خاموشی پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے، انہوں نے مغربی ممالک میں مقیم مسلم رہنماؤں کی جرات کی مثال دیتے ہوئے اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ وہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف کی جانے والی ہرزہ سرائی پر کھل کر آواز کیوں نہیں اٹھاتے۔
اس حوالے سے اپنے ایک وی لاگ میں حامد میر کا کہنا تھا کہ یہ ایک حیران کن اور پریشان کن حقیقت ہے کہ جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف بیان بازی اور تنقید کا سلسلہ شروع کیا تو لندن کے مسلمان میئر صادق خان نے ڈیموکریٹک انداز میں کھل کر اس کا جواب دیا، صادق خان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانا بند کریں، ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بار بار بیانات کے باوجود صادق خان نے کم از کم یہ ہمت دکھائی کہ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بھرپور جواب دیا۔


انہوں نے کہا کہ اسی طرح نیویارک کے میئر بننے سے پہلے جب زہران ممدانی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اسلامو فوبیا اور مسلم مخالف رویے پر کھل کر گفتگو شروع کی تو ٹرمپ نے پوری کوشش کی کہ وہ زہران ممدانی کو نیویارک کا میئر نہ بننے دیں لیکن وہ اس میں ناکام رہے اور زہران ممدانی نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے اسلامو فوبیا کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، لندن اور نیویارک کے میئر تو ڈونلڈ ٹرمپ کی مسلم دشمن پالیسیوں اور بیانات کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں اور انہیں جواب دیتے ہیں لیکن دنیا بھر میں پھیلے ہوئے 50 سے زائد اسلامی ممالک کے حکمران اور حکومتیں اس بات کی جرات کیوں نہیں کرتیں؟۔
سینئر صحافی نے افسوس کا اظہار کیا کہ مسلم ممالک کے حکمران ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلمانوں کے خلاف بغض اور نفرت کی مذمت کرنے کے بھی قابل نظر نہیں آتے، اگر صادق خان اور زہران ممدانی مغرب میں بیٹھ کر اسلام کے خلاف ہونے والی گستاخیوں کی مذمت کر سکتے ہیں تو مسلم ممالک کے حکمران ڈونلڈ ٹرمپ کا نام لے کر ان کی مذمت کیوں نہیں کرتے؟ اگر حکمران براہ راست نام لے کر مذمت کرنے سے گریز کرنا چاہیں، تو کم از کم انہیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی یا جنیوا میں قائم اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل میں ایک قرارداد تو ضرور پیش کرنی چاہیے، جس میں یہ واضح کیا جائے کہ ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں اور اسلام کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں اور عالمی ادارے اس کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ یہ مؤقف بھی اپنایا جا سکتا ہے کہ یہ کیس پورے امریکہ یا مغربی عوام کے خلاف نہیں ہے کیونکہ امریکہ کے تمام صدور ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح اسلام اور مسلمانوں کی توہین نہیں کرتے، مسلم دنیا کے حکمرانوں کی جانب سے اس مجرمانہ خاموشی نے امتِ مسلمہ کے درد کو مزید بڑھا دیا ہے، یہ بڑے بڑے حکمران اور کچھ نہیں کرسکتے تو ان میں سے کوئی سربراہ مملکت امریکی مصنف مائیکل ہارٹ کی 100 عہد ساز شخصیات کے بارے میں کتاب کا تحفہ ہی ٹرمپ کو دیدے جس میں حضرت محمد ﷺ کو نمبر ون قرار دیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert