جے ڈی حبیبی! آئین کے تحت تمہیں ہی مجھ سے حلف لینا ہوگا، نو منتخب سینیٹر عبدل السید
ابھی تک نتائج کے ذکر پر میں کہا کرتا تھا انشا اللہ، آج ہم نے انشااللہ کو الحمداللہ میں بدل دیا، ٹرمپ سے کہتا ہوں میرا نام پکارنے میں تمہیں مشکلات تھیں، اب صرف سینیٹر پکارا کرو؛ امریکی تاریخ کے پہلے مسلم سینیٹر کا خطاب

واشنگٹن(قدرت روزنامہ)امریکہ میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جہاں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار عبدل السید نے ریاست مشی گن سے سینیٹ کی نشست جیت کر امریکی تاریخ میں پہلی بار سینیٹر منتخب ہونے والے مسلم رکن کا اعزاز اپنے نام کرلیا، عبدل السید کی اس شاندار فتح نے ناصرف مشی گن بلکہ امریکہ بھر کی مسلم برادری میں خوشی کی لہر دوڑا دی، اسے امریکی سیاست میں ایک اہم تاریخ ساز پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ابتدائی اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مشی گن میں سینیٹ کے اس اہم مقابلے میں ڈیموکریٹ امیدوار عبدل السید نے 51 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے، ان کے حریف ریپبلکن امیدوار مائیک راجرز 46 فیصد ووٹ حاصل کرسکے، اس طرح عبدل السید نے اپنے حریف کو واضح تناسب سے شکست دے کر ایوانِ بالا یعنی سینیٹ کا معرکہ اپنے نام کیا، ان کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی عبدل السید کے مہم ہیڈکوارٹر میں جشن کا ماحول پیدا ہوگیا اور ان کے حامیوں نے نعرے بازی کرکے اس کامیابی کو سراہا۔
انتخابات میں فتح حاصل کرنے کے بعد اپنے پہلے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے عبدل السید نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ان کی ذات، ان کے نام اور ان کے اسلامی عقیدے کو مسلسل نشانہ بنایا گیا، مخالفین نے ان کے نام کو متنازعہ بنانے اور انہیں ہرانے کیلئے کروڑوں ڈالر کے خطیر فنڈز اور بے بنیاد الزامات کا سہارا لیا لیکن انہوں نے تمام تر مخالفانہ ہتھکنڈوں کے باوجود اپنی جدوجہد اور عوامی رابطے کا سلسلہ جاری رکھا۔
ان کا کہنا ہے کہ مشی گن کے عوام نے تمام تعصبات اور منفی بیانیے کو رد کرتے ہوئے جمہوریت اور عوامی خدمت کے جذبے کو ترجیح دی ہے، مجھے کہا گیا روایتی سیاست کا مقابلہ کرنا تمہارے بس کا کھیل نہیں لیکن مشی گن کے عوام نے ثابت کیا عوامی جدوجہد سب کچھ تبدیل کرسکتی ہے، ابھی تک آپ نے نوٹ کیا ہوگا کہ جب بھی نتائج کا ذکر آتا تو میں ہمیشہ کہا کرتا تھا انشا اللہ لیکن آج ہم نے انشا اللہ کو الحمداللہ میں بدل دیا، صدر ٹرمپ سے کہتا ہوں میرا نام پکارنے میں تمہیں مشکلات تھیں، آئندہ سے مجھے صرف سینیٹر پکارا کرو، جے ڈی حبیبی! جنوری میں آئین کے تحت تمہیں ہی مجھ سے حلف لینا ہوگا۔
