وزیراعظم شہباز شریف کا فیول سبسڈی دسمبر تک جاری رکھنے کا اعلان
پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات سے کم آمدنی والے طبقے کو بچانے کے لیے ریلیف اسکیم برقرار رکھنے کا فیصلہ، موٹر سائیکل، چنگ چی رکشہ اور 800 سی سی تک گاڑیاں سبسڈی کی اہل

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت کی فیول ریلیف اسکیم دسمبر تک جاری رکھنے کا عندیہ دے دیا ہے، جس کے تحت اہل شہریوں کو پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے بچانے کے لیے مالی معاونت فراہم کی جاتی رہے گی۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حکومت ہدفی سبسڈی پروگرام کے ذریعے معاشرے کے کم آمدنی والے طبقات کو پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے بوجھ سے تحفظ فراہم کرتی رہے گی۔
وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل سوار، چنگ چی رکشہ استعمال کرنے والے اور 800 سی سی تک انجن کی حامل گاڑیوں کے مالکان رعایتی پیٹرول حاصل کرنے کے اہل ہیں۔
اسکیم کے تحت موٹر سائیکل اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے صارفین کو ہفتہ وار 500 روپے کا ریلیف فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ ہر ماہ زیادہ سے زیادہ چار ٹوکن حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
اسی طرح 800 سی سی تک انجن کی حامل اہل گاڑیوں کو ہر 10 دن بعد زیادہ سے زیادہ 10 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی دی جاتی ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا تھا کہ فیول سبسڈی اسکیم سے ایک کروڑ سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں، جبکہ حکومت نے اس منصوبے کے لیے 75 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
حکومت کے مطابق اس پروگرام کا بنیادی مقصد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث پیدا ہونے والے مالی دباؤ کے دوران مستحق شہریوں کو ہدفی ریلیف فراہم کرنا ہے۔
