کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

غیر قانونی ہوٹرز، پولیس لائٹس اور فینسی نمبر پلیٹس والی گاڑیاں بھی کارروائی کی زد میں آئیں گی، ون وے کی خلاف ورزی اور گاڑیوں میں اسلحے کی نمائش پر گرفتاریاں ہوں گی، شرجیل انعام میمن


کراچی(قدرت روزنامہ)سندھ حکومت نے کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے اور خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہر میں ٹریفک قوانین پہلے سے موجود ہیں، تاہم حکومت ان پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کی نگرانی میں کرایا جائے گا۔ ٹریفک حکام پر مشتمل ایک اتھارٹی بھی قائم کی جا رہی ہے، جو شہر میں ٹریفک کے نظام کی نگرانی کرے گی، جبکہ کراچی میں اسمارٹ ٹریفک سسٹم متعارف کرانے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔
صوبائی وزیر نے خبردار کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ غیر قانونی طور پر ہوٹرز اور پولیس لائٹس نصب کرنے والی گاڑیوں کے علاوہ نجی گاڑیوں پر فینسی نمبر پلیٹس لگانے والوں کو بھی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بھی کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔ اسی طرح گاڑیوں میں اسلحے کی نمائش کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی گاڑی میں سیکیورٹی گارڈ اسلحہ لے کر چل رہا ہو یا اس کی نمائش کر رہا ہو تو ایسی صورت میں اسلحہ رکھنے یا ظاہر کرنے والے سیکیورٹی گارڈ کے ساتھ گاڑی کے مالک کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر کے مطابق ان اقدامات کا مقصد کراچی میں ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنانا، ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور شہریوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔

WhatsApp
Get Alert