واٹس ایپ کا نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالز کی شناخت کے لیے نیا فیچر متعارف

اب غیر محفوظ نمبروں سے کال آنے پر اسکرین پر متعلقہ ملک کا نام اور مشترکہ واٹس ایپ گروپ کی معلومات بھی ظاہر ہوں گی، صارفین کو کال وصول کرنے، بلاک کرنے یا رپورٹ کرنے میں مدد ملے گی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)دنیا بھر میں آن لائن فراڈ اور سائبر کرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر واٹس ایپ نے صارفین کی حفاظت اور نامعلوم کالرز کی شناخت میں مدد کے لیے نیا فیچر متعارف کرایا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین کو واٹس ایپ پر ایسے نمبروں سے آنے والی کالز کے بارے میں اضافی معلومات فراہم کی جائیں گی جو ان کی کانٹیکٹ لسٹ میں محفوظ نہیں ہیں۔
نئے فیچر کے تحت جب کسی صارف کو نامعلوم نمبر سے واٹس ایپ کال موصول ہوگی تو اسکرین پر فون نمبر کے ساتھ اس ملک کا نام بھی ظاہر ہوگا جس سے متعلقہ نمبر کا تعلق ہے۔
اس کے علاوہ واٹس ایپ صارف کو یہ معلومات بھی فراہم کرے گا کہ آیا نامعلوم کال کرنے والا شخص کسی ایسے گروپ کا رکن ہے جس میں کال وصول کرنے والا صارف بھی شامل ہے۔


ان معلومات کی مدد سے صارف کال کرنے والے کی شناخت کے بارے میں بہتر اندازہ لگا سکے گا اور فیصلہ کر سکے گا کہ کال وصول کرنی ہے یا اسے نظر انداز کرنا ہے۔ صارف کو مشکوک نمبر بلاک کرنے یا واٹس ایپ پر رپورٹ کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔
واضح رہے کہ سائبر فراڈ کرنے والے افراد اکثر نامعلوم نمبروں سے کال کرکے شہریوں کو دھوکا دیتے اور ان کی ذاتی معلومات یا رقم حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ بعض اوقات معروف شخصیات بھی ایسے فراڈ کا نشانہ بن جاتی ہیں۔
واٹس ایپ کا نیا فیچر صارفین کو نامعلوم کالز کے بارے میں اضافی معلومات فراہم کرکے مشکوک سرگرمیوں سے محتاط رہنے میں مدد دے گا، تاہم یہ کسی کال کرنے والے کی شناخت یا اس کے قابل اعتماد ہونے کی مکمل ضمانت نہیں ہے۔

WhatsApp
Get Alert