امریکی ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں شہباز شریف کے خیالات کی تائید نہیں کرتے، فواد چوہدری کا طنز

امریکی ووٹرز نے ان وسط مدتی انتخابات میں ایران کی جنگ کی مکمل مخالفت کی ہے اور اپنے ووٹ کے ذریعے جنگی بیانیے کو باقاعدہ طور پر رد کر دیا ہے؛ سابق وفاقی وزیر کا تبصرہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے امریکہ میں ہونے والے حالیہ وسط مدتی انتخابات کے نتائج پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے کہا طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ بظاہر امریکی عوام نے وزیراعظم شہباز شریف کے ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں خیالات کی تائید نہیں کی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر نے امریکی انتخابی نتائج، خارجہ پالیسی اور وہاں ابھرتے ہوئے نئے سیاسی رحجانات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا، فواد چوہدری نے اس حوالے سے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ووٹرز نے ان وسط مدتی انتخابات میں ایران کی جنگ کی مکمل مخالفت کی ہے اور اپنے ووٹ کے ذریعے جنگی بیانیے کو باقاعدہ طور پر رد کر دیا ہے۔


فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ عوامی فیصلے کی حساسیت اور اہمیت کو تسلیم کریں گے اور خطے میں جاری ایران کے خلاف جنگ کا فوری اور مکمل خاتمہ کریں گے، عالمی رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ جنگوں کے ذریعے دنیا اور اپنے شہریوں کے لیے مزید تکالیف اور مشکلات پیدا کرنے کے بجائے عام لوگوں کی زندگیوں کو سہل، سستا اور معاشی طور پر مستحکم بنانے پر توجہ مرکوز کریں۔


امریکی قانون ساز ایوانوں کے نتائج کا احاطہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹس نے امریکی سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان دونوں ہی میں زبردست کامیابی حاصل کرتے ہوئے کلین سوئپ کرلیا ہے، جسے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی پارٹی کے لیے ایک تاریخی اور انتہائی بڑی سیاسی شکست قرار دیا جا سکتا ہے، اس واضح فتح سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی عوام اب تبدیل شدہ اور اعتدال پسند پالیسیوں کے خواہا ہیں۔


سابق وفاقی وزیر نے ریاست مشی گن میں اسلامو فوبیا کی مہم کو ملنے والی ناکامی کا بالخصوص ذکر کیا، انہوں نے اس بات پر شدید مسرت کا اظہار کیا کہ مشی گن کے با شعور عوام نے متعصبانہ بیانیے اور اسلامو فوبیا کی مہم کو مکمل طور پر رد کر دیا ہے اور وہاں سے ڈیموکریٹ امیدوار عبدل السید شاندار کامیابی حاصل کر رہے ہیں، یہ پیشرفت عالمی لبرلز اور پرامن معاشرے کے حمایتیوں کے لیے ایک عظیم فتح ہے، امریکہ نے اپنے فیصلے سے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ وہاں تعصب اور اسلامو فوبیا کی کوئی جگہ نہیں۔

WhatsApp
Get Alert