محکمہ داخلہ سمیت تمام ادارے ڈیجیٹلائزیشن نافذ کریں، عوامی شکایات کو محض دفتری کارروائی نہ سمجھا جائے، وسائل کا ضیاع برداشت نہیں ہوگا: شکیل قادر خان


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی محکموں کے انتظامی امور اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے ڈیٹا بیس کے باہمی انضمام، محکمہ داخلہ کی ڈیجیٹلائزیشن، خالی آسامیوں، سرکاری گاڑیوں اور فنڈز کے شفاف استعمال سمیت اہم امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوامی خدمت تمام سرکاری محکموں کی بنیادی ذمہ داری ہے اور انتظامی کارکردگی کا اصل معیار عوام کو ملنے والی سہولت اور ان کے مسائل کا بروقت حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے ایسے انتظامی اقدامات کیے جائیں جن سے ان کا وقت اور وسائل بچ سکیں۔ عوامی شکایات کو محض دفتری کارروائی سمجھنے کے بجائے ان کے عملی ازالے کو ترجیح دی جائے اور ہر سطح پر ذمہ داری، شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں میں ڈیجیٹائزیشن کو فروغ دیا جائے تاکہ فائلوں کی نقل و حرکت اور دفتری امور کی انجام دہی میں تیزی لائی جا سکے۔ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے نہ صرف سرکاری امور میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ ہوگا بلکہ عوام کو خدمات کی بروقت اور آسان فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ محکمے اپنے نظام کو بتدریج ڈیجیٹل خطوط پر استوار کریں اور عوامی سہولت کو اولین ترجیح دیں۔ اجلاس کو محکمہ داخلہ میں ای فائلنگ، ای ڈاک اور ای سمریز سمیت ڈیجیٹل نظام، ترقیاتی منصوبوں میں استعمال ہونے والی گاڑیوں، مختلف محکموں کی ناکارہ سرکاری گاڑیوں کو ضابطے کے تحت کنڈیم قرار دینے اور محکموں، منسلک اداروں و خودمختار اداروں کے اسائنمنٹ اکاؤنٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ سرکاری وسائل عوام کی امانت ہیں اور ان کا استعمال قواعد و ضوابط اور عوامی ضرورت کے مطابق ہونا چاہیے۔ مالی و انتظامی نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے دستیاب وسائل سے خدمات کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پی پی ایچ آئی کی طرز پر خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے عمل میں مصنوعی ذہانت (AI) اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے تاکہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے اہل اور حق دار امیدواروں کو ان کا جائز حق مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی جانچ اور انتخاب کا عمل واضح، یکساں اور قابلِ تصدیق معیار کے تحت ہونا چاہیے، جس میں کسی قسم کی سفارش، جانبداری یا غیر ضروری انسانی مداخلت کی کوئی گنجائش نہ ہو۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (بی پیپرا) کے تحت سنگل بڈر ٹینڈرز کی حوصلہ شکنی کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، جس پر چیف سیکرٹری نے سنگل بڈر ٹینڈرز کی شرح مزید کم کرنے اور صحت مند مسابقت کو فروغ دینے کے لیے قواعد پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔

WhatsApp
Get Alert