سوئی سدرن گیس کمپنی کی عوام دشمن پالیسیوں اور لاکھوں کے بلوں کیخلاف پشتونخوا نیپ کا کل کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان
گیس ناپید مگر بھاری بلوں کے اجرا نے شہریوں کا جینا محال کر دیا، عوام بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے مرکزی سیکرٹریٹ سے نکلنے والے جلوس میں شریک ہوں: اعلامیہ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے زیر اہتمام سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گھریلو صارفین کو بھاری بھرکم بلوں کے اجرا اور گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف کل 5 نومبر بروز جمعرات سہ پہر 3 بجے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے عظیم الشان پُرامن احتجاجی مظاہرہ نکالا جائے گا، جس میں کوئٹہ کے تمام شہری بھرپور شرکت کریں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے غریب اور متوسط طبقے کے گھریلو صارفین کو ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں روپے کے بھاری بھرکم بل بھیج کر عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ عوام پہلے ہی مہنگائی اور معاشی بدحالی کا شکار ہیں، ایسے میں ناقابل برداشت گیس بلوں کا اجرا عوام کے ساتھ سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ گیس کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے بھی شہریوں کا جینا حرام کر رکھا ہے، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور مختلف حادثات بھی پیش آئے ہیں۔ گیس کی عدم فراہمی اور بھاری بلوں نے عوام کو سوئی سدرن گیس کمپنی کی ناقص کارکردگی اور عوام دشمن پالیسیوں سے تنگ کر دیا ہے۔بیان میں کوئٹہ کے تمام شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بنیادی حقوق کے تحفظ، بھاری بھرکم گیس بلوں کے خاتمے اور گیس کی بلاتعطل فراہمی کے لیے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔پارٹی کے تمام علاقائی یونٹوں اور تنظیمی ذمہ داروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتجاجی مظاہرے کی بھرپور تیاری کریں اور اپنے اپنے علاقوں سے جلوسوں کی شکل میں مرکزی مظاہرے میں شرکت کو یقینی بنائیں۔
